تحریک انصاف چھوڑنے پر پچھتاوا ہے، عمران اسماعیل

کراچی: سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ان دنوں برے وقت اور حالات سے گزر رہی ہے، مجھے پی ٹی آئی چھوڑنے پر پچھتاوا ہے، عمران خان سے تعلق برقرار ہے اور ان سے احساس کا رشتہ ہے جو ہمیشہ قائم رہے گا، عمران خان سے ملاقات کا موقع ملا تو ضرور ملوں گا، عارف علوی سے کراچی میں ایک شادی کی تقریب کے دوران ملاقات ہوئی لیکن انہوں نے سرد مہری سے یہ ملاقات کی شاید وہ مجھ سے ملنا نہیں چاہتے تھے۔
ڈان نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف دہشت گرد نہیں بلکہ محب وطن جماعت ہے، پی ٹی آئی اداروں کو مضبوط کرنے والی اور ساتھ چلنے والی جماعت ہے، عمران خان بھی کہتے تھے کہ یہ فوج ہماری ہے اور ہم ایک پیج پر ہیں، کوئی بھی حکومت اداروں کی سپورٹ کے بغیر نہیں چل سکتی۔
ایک سوال کے جواب میں سابق گورنر سندھ نے کہا کہ نواز شریف فارم 45 کے مطابق ہار چکے ہیں، وہ 8 اور 9 فروری دونوں الیکشن ہار گئے، مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے درمیان ہونے والا اتحاد انہونی ہے اور پیپلزپارٹی کا وفاقی کابینہ میں نہ جانے کا فیصلہ غیر معمولی ہے، ملین ڈالر سوال یہ ہے کہ کیا آصف علی زرداری مسلم لیگ ن کی حکومت کو کامیاب بنائیں گے؟ ایسے میں پیپلزپارٹی کا مستقبل کیا ہوگا جب بلاول بھٹو زرداری بھی وزیراعظم بننے کے لیے بے چین بیٹھے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں