بجلی 5روپے مہنگی کرنے کی درخواست نیپرا میں جمع

اسلام آباد: سینٹرل پاورپرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے بجلی5روپے مہنگی کرنے کی درخواست نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں جمع کرادی،صارفین پر مزید 40 ارب کا اضافی بوجھ پڑنے کا امکان،نیپرا بجلی مہنگی کرنے کی درخواست پر 28 مارچ کو سماعت کرے گا۔سینٹرل پاورپرچیزنگ ایجنسی نے اضافہ فروری کے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مانگا ہے۔
سی پی پی اے درخواست میں کہا گیا ہے کہ فروری میں 6 ارب 87 کروڑ 60 لاکھ یونٹ بجلی فروخت ہوئی۔ سی پی پی اے نے بتایا کہ فروری میں پانی سے 24.77 فیصد بجلی پیدا کی گئی، مقامی گیس سے 11.04 اور درآمدی ایل این جی سے 20.33 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔ اور مقامی کوئلے سے 13.94 فیصد، درآمدی کوئلے سے 1.89 فیصد بجلی پیدا کی گئی جبکہ فروری میں جوہری ایندھن سے 23.29 فیصد بجلی پیداکی گئی۔
درخواست منظور ہونے پر صارفین پر 40 ارب روپے سے زائد بوجھ پڑے گا اور اس اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا۔یاد رہے گزشتہ مہینے بجلی مہنگی کرنے کی درخواست پر سماعت کے دوران نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی کے چیئرمین نیپرا وسیم مختار کا کہنا تھاکہ بجلی کی قیمت میں اضافے کی درخواست پر تشویش ہے۔ عوام اور ضمیر کو جواب دیناہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں