ہرنائی میں کوئلے کی کان دھماکے سے بیٹھ گئی، 10 مزدور جاں بحق

کوئٹہ :صوبہ بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں کوئلے کی کان دھماکے سے بیٹھ گئی، جس کے نتیجے میں 10 کان کن جاں بحق ہوگئے، ریسکیو آپریشن کے دوران تمام جاں بحق مزدوروں کی لاشیں نکال لی گئیں، وزیراعلیٰ بلوچستان نے واقعے کا نوٹس لے کر متعلقہ حکام سے فوری رپورٹ طلب کرلی۔ تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ ہرنائی کے علاقے زرالو میں واقع نیر جلات خان کول مائن میں پیش آیا جہاں گیس بھر جانے سے دھماکہ ہوا جس سے کان بیٹھ گئی اور کان میں موجود 10 کان کن ملبے تلے دب گئے، جن کی مدد کے لیے 8 افراد کان میں اترے لیکن وہ بھی پھنس گئے، تاہم کم گہرائی میں پھنسے 8 افراد کو جلد ہی باحفاظت نکال لیا گیا۔
بتایا گیا ہے کہ واقعے کے بعد وزیراعلیٰ بلوچستان سرفرازبگٹی نے ہدایت کی کہ پی ڈی ایم اے اورانتظامیہ ریسکیو آپریشن تیز کریں، ریسکیو کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، ریسکیو آپریشن میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، تاہم ریسکیو آپریشن مکمل ہونے تک ایک بھی مزدور کو زندہ نہ بچایا جاسکا۔
معلوم ہوا ہے کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ہرنائی میں کوئلے کی کان میں دھماکے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے، اس حوالے سے بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے واقعہ میں جاں بحق ہونے والوں کی بلندی درجات کی دعا اور لواحقین سے اظہار تعزیت کیا، وزیراعظم نے کان کنوں کی ریسکیو کی کوششوں کو تیز تر کرنے کی ہدایت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں