عمران خان سے ملاقاتوں کا معاملہ، اڈیالہ جیل حکام کے ساتھ ایس او پیز طے پا گئے

راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان نے بیرسٹر گوہر، شیر افضل مروت اور بیرسٹر عمیر نیازی کو جیل ملاقاتوں کیلئے فوکل پرسن مقرر کردیا۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے درمیان جیل میں ملاقاتوں کے بارے میں ایس او پیز طے ہوچکے ہیں، دونوں فریقین نے ایس او پیز پر دستخط بھی کردیئے ہیں، جس کے تحت جیل ملاقاتوں کے لیے بانی چئرمین پی ٹی آئی نے تین فوکل پرسن مقرر کیے ہیں، جس کے تحت بیرسٹر گوہر علی خان، شیر افضل مروت اور بیرسٹر عمیر نیازی فوکل پرسن ہوں گے۔

بتایا گیا ہے کہ ایس او پیز کے تحت جیل میں عمران خان سے ملاقاتوں کے لیے ہر فوکل پرسن دو نام دے گا، ہفتے میں دو روز ملاقات ہوگی، منگل کے روز عمران خان سے ان کی فیملی اور جمعرات کو وکلاء اور دیگر سیاسی قائدین کی ملاقات ہوا کرے گی جب کہ عدالتی احکامات کے تحت ملاقات کرنے والوں کا معاملہ قائد پی ٹی آئی عمران خان کی رضا مندی سے مشروط ہوگا۔
بتایا جارہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان سمیت دیگر قیدیوں سے اڈیالہ جیل میں ملاقاتوں پر پابندی ختم کر دی گئی ہے، پنجاب حکومت نے 12 مارچ کو سکیورٹی خدشات کے باعث سابق وزیراعظم سمیت دیگر قیدیوں سے ملاقاتوں پر 2 ہفتوں کیلئے پابندی عائد کی تھی جو جمعرات کو ختم ہوچکی ہے، اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ اسد جاوید وڑائچ نے پابندی کے خاتمے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اب عمران خان، شاہ محمود قریشی اور پرویز الہی سمیت دیگر تمام قیدی پہلے سے طے شدہ طریقہ کار کے تحت ملاقاتیں کرسکیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں