اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججزکے خط پر سپریم کورٹ نے از خود نوٹس لے لیا

اسلام آباد : اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججزکے خط پر سپریم کورٹ آف پاکستان نے از خود نوٹس لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے ہائیکورٹ کے ججز کی جانب سے لکھے جانے والے خط کا از خود نوٹس لے لیا ہے، عدالت عظمیٰ نے اس معاملے پر 7 رکنی لارجر بینچ تشکیل دے دیا ہے، جو بدھ کے روز ہائیکورٹ کے ججز کی جانب سے عدالتی امور میں مداخلت کے حوالے سے لکھے گئے خط کے معاملے کی سماعت کرے گا، چیف جسٹس فائز عیسی کی سربراہی میں بننے والے لارجر بینچ میں جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس نعیم اختر افغان شامل ہیں۔
قبل ازیں اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6 ججوں کے خط کے معاملے پر 300 سے زیادہ وکلا نے سپریم کورٹ سے آئین کے آرٹیکل 184 (3) کے تحت عدالتی امور میں مداخلت کرنے کے الزامات کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا تھا، انہوں نے کہا ہے کہ حکومت کے زیر قیادت کوئی بھی کمیشن ان الزامات کی تحقیقات کو ضروری آزادی اور اختیارات سے محروم کردے گا، آئین کا آرٹیکل 184(3) سپریم کورٹ کے اصل دائرہ اختیار کا تعین کرتا ہے اور اسے پاکستان کے شہریوں کے بنیادی حقوق کے نفاذ کے حوالے سے عوامی اہمیت کے حامل معاملات میں سپریم کورٹ کو دائرہ اختیار استعمال کرنے کے قابل بناتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں