ورلڈ بینک کا پنشن اصلاحات اور بجلی گیس مزید مہنگی کرنے کا مطالبہ

اسلام آباد: ورلڈ بینک نے پاکستان سے پنشن اصلاحات اور بجلی و گیس کی قیمتوں میں مزید اضافے کا مطالبہ کردیا، غریب اور کمزور گھرانوں پر ٹیکس کے کل بوجھ کو کم کرنے کے لیے توانائی کی مصنوعات، ٹیلی کمیونی کیشن، مالیاتی خدمات اور دیگر کی کھپت پر ذاتی انکم ٹیکس ودہولڈنگ چارجز کو ختم کرنے کی بھی سفارش کردی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ورلڈ بینک نے پاکستان ڈیولپمنٹ اپڈیٹ میں پنشن اصلاحات پر وفاقی اور صوبائی پبلک سیکٹر کی پنشن سے پیدا ہونے والے مالی بوجھ کو کم کرنے کے لئے فوری طور پر اصلاحات متعارف کروانے کا مطالبہ کیا ہے، اس ضمن میں کہا گیا ہے کہ پنشن اصلاحات کے منصوبے کو تیار کرنا اور اسے لاگو کرنے کے لئے ابتدائی اقدامات کیے جائیں تاکہ طویل المدتی طور پر مالی استطاعت کو یقینی بنایا جا سکے، پبلک سیکٹر کے معاوضے کو معقول بنانے کے لئے اصلاحاتی منصوبے کے تحت ابتدائی اقدامات کئے جائیں۔
عالمی بینک نے یہ بھی کہا ہے کہ بجلی اور گیس سیکٹر میں نرخوں کے حوالے سے اصلاحات کو رسدی لاگت کے ساتھ منسلک کیا جائے تاکہ بجلی اور گیس کے شعبے میں بڑھتے ہوئے گردشی قرضے کو محدود کیا جاسکے اور غریبوں کو سوشل پروٹیکشن کو بڑھا کر تحفظ دیاجائے، اس کے علاوہ پرسنل انکم ٹیکس کی ریونیو اصلاحات پر تنخواہ دار اور غیر تنخواہ دار ملازمین کیلئے سکیموں کو ترتیب دے کر پیچیدگی کو کم کرنے کے لئے ذاتی انکم ٹیکس کے نظام میں اصلاحات بھی کی جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں