فضل الرحمان کا اکتوبر میں اسلام آباد لاک ڈاؤن کرنے کا اعلان

اسلام آباد: جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اکتوبر میں اسلام آباد لاک ڈاؤن اور آزادی مارچ کرنے کا اعلان کر دیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ جمعیت علماء اسلام (ف) نے اکتوبر میں اسلام آباد لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے، پورا ملک اس حکومت کے خاتمے کے لیے اسلام آباد کی طرف مارچ کرے گا جب کہ اپوزیشن جماعتوں کے اشتراک عمل کے لیے رابطوں میں ہیں اور بھرپور اشتراک عمل کے ساتھ اسلام آباد میں یکجا ہونے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ انڈیا کی طرف سے کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے اقدامات نے ماحول کو خراب کیا اس صورتحال میں ہماری جماعت اور پوری قوم کشمیریوں کے ساتھ ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ حکومت کو بھارتی اقدام کا پیشگی علم تھا کیونکہ بی جے پی کے منشور میں کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کا ذکر تھا مگر ہماری حکومت نے مجرمانہ غفلت سے کام لیا، حکومت کی مجرامانہ پالیسی کو بھی احتجاجی تحریک کا حصہ بنائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں