ایک ہی شخص کو مارنے کا ٹھیکہ لینے والے پانچ اجرتی قاتل

بیجنگ: چین میں ایک تاجر تان یوہوائی نے اپنے حریف بزنس مین کو مارنے کے لیے ایک اجرتی قاتل کو 2 لاکھ 80 ہزار ڈالر دیئے لیکن یہ کہانی اس وقت پلٹ گئی جب اس اجرتی قاتل نے یہ ٹھیکہ دوسرے قاتل کو دیدیا۔ اس نے پھر یہ ذمے داری تیسرے قاتل کو دیدی اور یہ سلسلہ پانچویں اجرتی قاتل تک جا پہنچا۔

پہلے قاتل نے دوسرے کو ایک لاکھ چالیس ہزار ڈالر دینے کا وعدہ کیا اور اس طرح یہ رقم بھی تقسیم ہوتی رہی اور ایک ہی شخص کو مارنے کی ذمے داری ایک کے بعد ایک پانچ قاتلوں تک منتقل ہوتی رہی لیکن اس کہانی میں ایک اور دلچسپ موڑ یہ آیا کہ پانچویں اجرتی قاتل نے مارے جانے والے شخص( جس کا نام وائی بتایا جاتا ہے ) سے ملاقات کی اور اس سے کہا کہ وہ اس کی موت کا ڈھونگ رچانا چاہتا ہے تاکہ اس کی جان چھوٹ جائے۔

اس کے بعد ٹان اور پانچ اجرتی قاتلوں کو پولیس نے گرفتار کرلیا اور ان پر اقدامِ قتل کا الزام لگایا گیا ہے۔ ان تمام ملزمان کو ایک روز قبل چینی صوبے گوانگ ژی کی نیننگ عدالت میں پیش کیا گیا ہے۔
دونوں تاجروں کے درمیان 2013 سے تنازعہ جاری تھا ۔ وائی نے تان کی کمپنی کے خلاف قانونی نوٹس دیا تھا جس کے بعد دونوں کے درمیان جھگڑا شروع ہوگیا۔ تان کو خوف تھا کہ کیس ہارنے پر اسے بڑی رقم سے ہاتھ دھونا پڑے گا اور اسی بنا پر اس نے وائی کو راستے سے ہٹانے کا فیصلہ کیا اور اجرتی قاتل ژائی کوانگینگ کو 2 لاکھ 82 ہزار ڈالر کی رقم ادا کی۔

ژائی نے ایک اور قاتل مو تیان ژیانگ سے رابطہ کیا کہ وائی کو وہ مارڈالے اور اسے دس لاکھ یوآن دینے کا وعدہ کیا ۔ اس نے آفر قبول کرلی اور اگلے قاتل کو یانگ کو اس کے کام کا ٹھیکہ دیدیا۔ جس کے بعد مزید دو قاتلوں تک قتل کی ذمے داری اور رقم تقسیم ہوتی رہی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں