نوجوان لڑکی 4 سال تک وفات پانے والے باپ کے موبائل نمبر پر میسج بھیجتی رہی، اور پھر ایک دن جواب آگیا

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکہ میں چار سال قبل ایک لڑکی کے والد کا انتقال ہو گیا اور تب سے وہ اپنے آنجہانی باپ کے موبائل فون پر مسلسل میسج کرتی آ رہی تھی۔ گزشتہ دنوں پہلی بار اسے اپنے باپ کے نمبر سے میسج کا جواب آ گیا۔ وہ جواب کس نے دیا، سن کر آپ کی آنکھیں بھی نم ہو جائیں گی۔ میل آن لائن کے مطابق اس 23سالہ لڑکی کا نام کیسٹیٹی پیٹرسن تھا جو امریکی ریاست آرکینسس کے شہر نیوپورٹ کی رہائشی ہے۔

گزشتہ دنوں اس کے باپ کی موت کے چار سال مکمل ہوئے اور اس روز اس نے ایک بار پھر اپنے باپ کے فون نمبر پر پیغام بھیجا۔
کیسٹیٹی نے لکھا کہ ”ہائے ڈیڈ، میں بات کر رہی ہوں، آج پھر وہی کٹھن دن ایک بار پھر آ گیا ہے۔“کیسٹیٹی کا کہنا تھا کہ ”ہمیشہ کی طرح مجھے اپنے پیغام کا جواب آنے کی کوئی توقع نہیں تھی لیکن اس وقت میری حیرت کی انتہاءنہ رہی جب میرے باپ کے فون نمبر سے ہی مجھے اپنے پیغام کا جواب موصول ہوا۔

اس نے مجھے جواب میں لکھا کہ ”ہائے سویٹ ہارٹ! میں تمہارا باپ نہیں ہوں، لیکن مجھے گزشتہ چار سال سے تمہارے پیغامات مل رہے ہیں۔ تم ہر روز مجھے گڈ مارننگ کہتی ہو اور رات کو بتاتی ہو کہ تم نے دن بھر کیا کیا۔ میرا نام بریڈ ہے اور چار سال قبل میری بیٹی کی بھی ایک کارحادثے میں موت ہو گئی تھی۔ اس کے بعد سے مجھے تمہارے ان پیغامات نے ہی زندہ رکھا۔

جب تم مجھے میسج کرتی ہو تو میں سمجھتا ہوں کہ مجھے یہ میسج خدا کی طرف سے آیا ہے۔“‘کیسٹیٹی کا کہنا تھا کہ ”اس کے بعد میری بریڈ کے ساتھ بات چیت شروع ہو گئی اور مجھے ایسے لگا جیسے میں اپنے باپ سے ہی بات کر رہی ہوں۔“

اپنا تبصرہ بھیجیں