اٹلی میں دنیا کا سب سے بڑا کرسمس ٹری روشن

اٹلی: اٹلی کے ایک چھوٹے سے گاؤں میں لوگوں نے مسلسل محنت کے بعد دنیا کا سب سے بڑا کرسمس ٹری روشن کردیا۔

گزشتہ تین دہائیوں سے اٹلی کے علاقے امبریا میں انجائنو پہاڑ کے دامن میں واقع گوبیو دیہات کے لوگ کرسمس درخت کو بڑے سے بڑے بناتے رہے ہیں۔ اور ہر سال سب سے بڑے کرسمس درخت کا گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ انہی کے حصے میں آتا رہا ہے۔

یہ درخت پہاڑی کی ڈھلواں میں بنایا گیا ہے۔ اس کا آغاز 1981 میں ہوا تھا اور پہلی مرتبہ 750 میٹر بلند درخت تعمیر کیا گیا تھا۔ اب ہر سال دسمبر میں 700 بڑی روشنیوں کو درخت کی شکل میں مرتب کیا جاتا ہے جو 7 دسمبر سے روشن ہوجاتی ہیں اور 6 جنوری کو انہیں بند کیا جاتا ہے۔

1991 میں گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے پہلی مرتبہ اسے سب سے بڑے کرسمس ٹری کے اعزاز سے نوازا تھا اور اب تک کوئی بھی یہ ریکارڈ نہیں توڑ سکا ہے۔

اس سال درخت کو مزید بڑا کرکے اس پر روشنیوں کا اضافہ کیا گیا ہے۔ دیہات کے رضاکاروں نے اپنے وسائل سے مزید بلب خریدے اور اس سال صرف بجلی کے تاروں کی لمبائی ساڑھے آٹھ کلومیٹر طویل ہے اور پورے درخت پر 3000 کے قریب روشنیاں لگائی گئی ہیں۔ درخت کے اوپری سرے پر بتیوں کی تعداد 1350 سے زائد ہے۔ اس کی اونچائی 450 میٹر اور چوڑائی 450 میٹر کے لگ بھگ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں