ملک بھر کے تاجروں کا سیلز ٹیکس لگے بجلی کے بل جمع نہ کرانے کا اعلان

اسلام آباد: ملک بھر کے تاجروں نے سیلز ٹیکس لگے بجلی کے بل جمع نہ کرانے کا اعلان کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مرکزی تنظیم تاجران پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر کے تاجر سیلز ٹیکس لگے بجلی کے بل جمع نہیں کرائیں گے، 2 اگست کو بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے دفاتر کے باہر احتجاجی دھرنے اور مظاہرے کیے جائیں گے اور ملک بھر کی مختلف مارکیٹوں میں روزانہ کی بنیاد پر احتجاج بھی کیا جائے گا، ملک گیر سطح پر لائحہ عمل طے کرنے کےلئے 30 جولائی کو ہنگامی اجلاس منعقد کیا جائے گا۔
اس حوالے سے مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر کاشف چوہدری نے پریس کانفرنس میں کہا کہ بجلی کے بلوں پر 3 ہزار سے 20 ہزار تک سیلز ٹیکس کا نفاذ کسی صورت قابل قبول نہیں، کم یا زیادہ بجلی کے استعمال کی تفریق کے بغیر فکس ریٹیل سیلز ٹیکس کا نفاذ کاروبار بند کروانے کا مذموم منصوبہ ہے، آئی ایم ایف کے دباؤ پر ناسمجھ وزیروں کے فیصلے ملکی معیشت کی تباہی کا باعث ہیں، بجلی کے بلوں پر لگائے گئے ٹیکسز اور معیشت کی تباھی ڈولتی حکومت کی اقتدار سے رخصتی کا باعث بنے گی، ملکی معیشت کو گرداب سے نکالنے کیلئے قومی میثاق معیشت وقت کی ضرورت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں