لاہور میں ایک ساتھ کئی ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کی تیاریاں

لاہور : لاہور میں ایک ساتھ کئی ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کی تیاریاں۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں تحریک انصاف کی حکومت کے دوران پہلی مرتبہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں بڑے پیمانے پر ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ شہر میں اربوں روپے کی لاگت سے کئی انڈرپاسز، فلائی اوورز تعمیر ہوں گے، اہم شاہراہوں کی توسیع بھی کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ لاہور میں ترقیاتی منصوبے پر کام رواں برس اپریل میں شروع ہو جائے گیا۔ کل 20 ارب روپے کی لاگت سے شہر کی سب سے اہم شاہراہ مال روڈ پر 5 انڈرپاسز، گلابی دیوی ہسپتال کے قریب انڈر پاس، فیروز پور روڈ کی توسیع، شاہکام چوک اور شیرانوالہ گیٹ کے مقامات پر فلائی اوورز تعمیر کیے جائیں گے۔
جبکہ ایل ڈی اے نے فنڈز کی کمی کے باعث کریم مارکیٹ میں انڈر پاس اور فلائی اوورز منصوبے اگلے مال سال تک موخر کر دیے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ کچھ ماہ قبل شہر میں بڑھتے ہوئے مسائل کی وجہ سے کئی ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ ایل ڈی اے نے ریلوے سٹیشن فلائی اوور، کریم بلاک فلائی اوور، گلاب دیوی انڈر پاس اور شاہکام چوک فلائی اوور کی تعمیر کی تجویز دی گئی تھی۔ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ سے منظوری حاصل کرنے کے بعد محکمہ خزانہ پنجاب سے فنڈز مانگے گئے۔

ابتدائی طور پر محکمہ خزانہ نے لاہورکے میگا منصوبوں کیلئے ایل ڈی اے کو فنڈز دینے سے انکار کردیا تھا۔ محکمہ خزانہ پنجاب نے موقف اختیار کیا کہ ان کے پاس لاہور شہر میں نئے منصوبے شروع کرنے کیلئے بجٹ نہیں ہے۔ جب تک میٹرو ٹرین 10 ارب روپے کا قرضہ واپس نہیں کرتی تب تک ایل ڈی اے کو فنڈز جاری نہیں کئے جا سکتے۔
تاہم بعد ازاں صوبائی حکومت نے تجویز کردہ ترقیاتی منصوبوں کیلئے فنڈز جاری کر کے کام کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا۔ یہاں یہ واضح رہے کہ تحریک انصاف کی ڈھائی سالہ حکومت کے دوران لاہور میں اب تک صرف ایک ترقیاتی منصوبہ مکمل کیا جا سکا ہے۔ موجودہ حکومت نے فردوس مارکیٹ کے مقام پر انڈر پاس تعمیر کیا، جو کچھ ماہ قبل آپریشنل کیا جا چکا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں