الیکشن نتائج حوصلہ افزا، کام جاری رکھیں گے،بورس جانسن

لندن؛ وزیراعظم بورس جانسن نے جمعرات کو ہونے والے الیکشنز کے نتائج کو حوصلہ افزا قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ان کی پارٹی عوام کی توقعات کے مطابق کام جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپنی اور عوام کی ترجیحات پر توجہ مرکوز رکھی اور وبا سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ہونے والے الیکشنز کے نتائج آنے کا سلسلہ ویک اینڈ پر بھی جاری رہے گا۔ تاہم ابتدائی نتائج کے مطابق کنزرویٹو پارٹی نے نارتھمبر لینڈ، ڈڈلی، نیوٹن اینڈ بیڈ ورتھ کونسل کا کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔ لیبر پارٹی کو سب سے بڑا انتخابی جھٹکا یا اٹلی پول کے حلقے میں لگا یہ نشست1974ء میں انتخابی حلقہ بننے کے بعد لیبر کے پاس تھی جو ٹوری پارٹی نے چھین لیا ہے۔

ٹوری پارٹی کی امیدوار جل مور ٹائمز نے ساڑھے15ہزار زائد ووٹ لے کر تقریباً7ہزار ووٹوں کی اکثریت سے یہ نشست جیت لی۔ کامیابی حاصل کرنے کے بعد اس نے کاہ کہ عوام لیبر پارٹی کی پالیسیوں سے اکتا گئے تھے اور اب تبدیلی کا وقت ہے، وہ علاقے میں سرمایہ کاری لے کر آئیں گی اور اسامیاں پیدا ہوں گی۔ لیبر پارٹی کے لیڈر سر کیئر اسٹارمر جن کے پارٹی لیڈر بننے کے بعد یہ انتخابی ان کی قیادت کا انتخاب بھی تصور کیا جارہا تھا، انہوں نے آج گھر سے روانہ ہوتے ہوئے شکست پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ تاہم شیڈو کمیونٹیز سیکریٹری اسٹیون ریڈ نے کہا کہ اس شکست سے پارٹی بکھر کر رہ گئی ہے لیکن آئندہ دنوں میں پارٹی کو سر کیئر اسٹارمر کی قیادت میں متحد ہوکر عوام کا اعتماد حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں