حکومت کا 18 سال سے زائد افراد کی ویکسی نیشن کا فیصلہ

اسلام آباد : حکومت نے 18 سال سے زائد افراد کی ویکسی نیشن کا بھی فیصلہ کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں سربراہ این سی او سی اسد عمر نے کہا کہ این سی اوسی اجلاس میں جمعرات 3 جون سے 18 سال سے زائد عمر کے افراد کی ویکسی نیشن کے لئے رجسٹریشن کے آغاز کا فیصلہ کر لیا۔ این سی او سی سربراہ اسد عمر کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے ویکسین لگوانے کے تمام اہل افراد کی ویکسی نیشن کا عمل شروع ہوجائے گا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ویکسین لگوانے کے لیے عوام خود کو جلد از جلد رجسٹرڈ کروائیں۔

دوسری جانب حکومت پاکستان نے فائزر کمپنی سے کورونا ویکسین خریدنے کا فیصلہ بھی کر لیا ہے۔ وفاقی وزارت صحت حکام کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ فائزر سے ایم آر این اے ویکسین کی 10 لاکھ ڈوزز بذریعہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی خریدی جائے گی۔

وزارت صحت حکام کا کہنا ہے کہ فائزر نے ویکسین فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی۔ حکام کے مطابق پاکستان کو فائزر کی ویکسین کی 10 لاکھ خوراکیں جولائی یا اگست میں مل جائیں گی۔ ایم آر این اے ویکسین اسٹور کرنے کے لیے 23 الٹرا کولڈ چین فریزر خریدے جا چکے ہیں۔فائزر کی ویکسین کمزور قوت مدافعت والے افراد کو لگائی جائے گی، 40 سال سے کم عمر بیرون ملک سفر کرنے والے افراد کو بھی فائزر کی ویکسین لگائی جائے گی۔
ذرائع وزارت صحت کے مطابق آئندہ ماہ پاکستان کو ویکسین کی 50 لاکھ سے زائد ڈوز ملنے کا امکان ہے، جس میں سائنوویک، سائنوفام، کین سائنوویکسین ، آسٹرازنیکا اور فائزرویکسین شامل ہیں۔ جون میں پاکستان کو کورونا ویکسین کی 50 لاکھ سے زائد ڈوز ملنے کا امکان ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں