اداروں کی نااہلی کا یہ مطلب نہیں ہر معاملہ عدالت لے آئیں، اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف درخواست کی سماعت میں کہا کہ اداروں کی نااہلی کا یہ مطلب نہیں ہر معاملہ عدالت لے آئیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی تو ہائیکورٹ نے درخواست گزار پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے استفسار کیا کہ کیا آپ نے عدالت آنے سے پہلے متعلقہ فورم سے رجوع کیا۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ قیمتوں کا تعین کرنا عدالتوں کا کام نہیں، جن کا کام ہے انہیں اپنا کام کرنے دیں، قیمتوں کا تعین ہمارا نہیں بلکہ اداروں کا کام ہے، ان کی نااہلی کا یہ مطلب نہیں ہر معاملہ عدالت لے آئیں۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے پوچھا کہ یہ بتائیں اوگرا آرڈینیس کے تحت قیمتوں کا تعین کون کرتا ہے۔ درخواست گزار کے وکیل نے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرے پاس اوگرا آرڈینیس موجود نہیں۔ وکیل کے جواب پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ کاغذات ہیں نہیں اور منہ اٹھا کر عدالت آجاتے ہیں۔ عدالت نے درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں