شلپا شیٹھی اپنے ملک کے میڈیا کے خلاف عدالت پہنچ گئیں

ممبئی:: بالی ووڈ اداکارہ شلپا شیٹھی نے اپنی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے لیے بھارتی میڈیا کے خلاف عدالت سے رجوع کرلیا ہے ۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ شلپا شیٹھی کے شوہر بزنس مین راج کندرا فحش فلمیں بنانے اور انہیں موبائل ایپ پر اپ لوڈ کرنے کے الزام میں گرفتار ہیں۔ اس کیس کے حوالے سے ممبئی پولیس اداکارہ شلپا شیٹھی سے بھی کئی بار پوچھ گچھ کرچکی ہے جب کہ بھارتی میڈیا میں ترجیحی بنیادوں پر راج کندرا کی گرفتاری اور فحش فلموں کے کیس کی کوریج کی جارہی ہے۔

اداکارہ شلپا شیٹھی نے ان کے خلاف میڈیا میں شائع ہونے والے ہتک عزت مواد کے خلاف ممبئی ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے اور اپنی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے لیے 25 کروڑ روپے کا مطالبہ کیا ہے۔ اداکارہ نے عدالت میں میڈیا میں ان کے بارے میں شائع ہونے والی متعدد رپورٹس کا حوالہ دیا اور کہا یہ رپورٹس غلط ہیں۔ ان رپورٹس سے ان کی بدنامی ہورہی ہے اور یہ ان کی ساکھ کو نقصان پہنچارہی ہیں۔

اسی تناظر میں شلپا شیٹھی نے اپنی درخواست میں بعض میڈیا ہاو¿سز سے غیر مشروط معافی مانگنے کے علاوہ ان کے بارے میں شائع کیے گئے ہتک آمیز مواد کو حذف کرنے اور میڈیا ہاو¿سز سے 25 کروڑ روپے معاوضے کا مطالبہ کیا ہے۔

اپنی درخواست میں اداکارہ شلپا شیٹھی نے کہا ہے کہ بغیر تفتیش اور تصدیق کے فحش فلموں کے کیس میں ان کے ملوث ہونے کے بیان نے ان کے کردار اور ساکھ کو بہت زیادہ نقصان پہنچایا ہے اور انہیں ایک ایسی مجرم عورت کے روپ میں پیش کیا جارہا ہے جس نے مجرمانہ تفتیش کی وجہ سے اپنے شوہر کو چھوڑ دیا ہو۔
شلپا شیٹھی نے ہائی کورٹ میں دائر کی جانے والی درخواست میں واضح طور پر الزام لگایا گیا ہے کہ میڈیا نے ان کے بارے میں غلط، توہین آمیز، جھوٹے اور ہتک ا?میزبیانات شائع کیے۔ اس طرح کی رپورٹنگ سے معاشرے میں ان کی ساکھ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔

اس کے علاوہ ان کے نام سے شائع ہونے والے ہتک آمیز مضامین اور ویڈیوز نے عوام سمیت مداحوں، فالوورز، برانڈ کی توثیق کرنے والی کمپنیوں اور کاروباری ساتھیوں کی نگاہوں میں ان کی ساکھ کو کم کردیا ہے اور اب یہ تمام لوگ ان بدنامی والے آرٹیکلز پر یقین کرنا شروع کرچکے ہیں۔

اداکارہ کی درخواست میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ ان کے خلاف شائع ہونے والے توہین آمیز مواد نے ان کی فیملی کے افراد جن میں ان کے چھوٹے بچے، بوڑھے والدین اور قریبی ساتھی شامل ہیں کی امیج کو بھی نقصان پہنچایا ہے اور اس سے ان کی پیشہ ورانہ سرگرمیوں اور کاروبار کو مالی نقصان کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ اداکارہ نے مزید کہا توہین آمیز اور غلط کوریج سے انہیں جو نقصان پہنچا اسے کبھی بھی پیسوں سے پورا نہیں کیا جا سکتا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں