مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر کی شادی، مہمانوں کو دعوت نامے بھیج دیے گئے

لندن : پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر کی شادی کی تاریخ طے پا گئی ، مہمانوں کو دعوت نامے بھی بھیج دیے گئے۔ ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کے نواسے اور مریم نواز کے صاحبزادے کی شادی قومی احتساب بیورو کے سابق سربراہ سیف الرحمان کی بیٹی عائشہ سیف سے ہورہی ہے ، جن کا نکاح رواں ماہ 22 اگست کو ہوگا ، نکاح کی یہ تقریب لندن کے لینزبرو میں ہائیڈ پارک کارنر میں ہوگی ، مذکورہ تقریب کے دعوت نامے بھی مہمانوں کو ارسال کردیے گئے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ عائشہ سیف یونیورسٹی کالج آف لندن کی فارغ التحصیل ہیں جب کہ محمد جنید صفدر نے بھی برطانیہ سے انٹر نیشنل ریلیشنز میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی ہے ، جنید صفدر کے ساتھ ان کے رشتے کی بات قائد ن لیگ نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز نے اپنی وفات سے قبل طے کرائی تھی۔

دوسری طرف پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے صاحبزادے جنید صفدر کی سیاسی میدان میں آنے کی بھی پیش گوئی کر دی گئی ، سینئر صحافی ہارون الرشید کے مطابق خبر یہ ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے صاحبزادے جنید صفدر رحیم یار خان سے اگلا الیکشن لڑیں گے کیوں کہ مریم کے سمدھی میاں منیر کا وہاں پر اثر ہے۔

یہاں واضح رہے کہ یہ خبریں تو گذشتہ دو سال سے سامنے آ رہی تھیں کہ مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز اور صفدر اعوان کے صاحبزادے جنید صفدر اعوان نے بھی باقاعدہ طورپر سیاست میں آنے کا فیصلہ کر لیا ہے ،

اس مقصد کے لیے جنید صفدر نے جاتی امرا میں ن لیگ کے کارکنان سے ملاقاتیں بھی کی تھیں ، ن لیگی کارکنوں نے جنید صفدر کی بڑی بڑی تصاویر اورفلیکسز جاتی امرا کے باہر لگائی تھیں۔ ن لیگی زرائع کے مطابق جنید صفدر کی سیاسی تربیت نواز شریف نے کی ہے اور اس مقصد کے لیے وہ جنید صفدر اعوان کو اپنے ساتھ سیاسی جلسوں میں بھی لے کر جاتے تھے تاہم اس کے بعد ن لیگ کے سیاسی حالات بدلتے گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں