امریکی صدر کابل میں امریکی فوجیوں کی ہلاکتوں کا بدلہ لینے کا اعلان

واشنگٹن : امریکی صدر جوبائیڈن کابل میں امریکی فوجیوں کی ہلاکت پر آبدیدہ ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن نے کابل حملوں کا بدلہ لینے کا اعلان کر دیا ہے۔انہوں نے افغانستان کی صورتحال پر خطاب کیا، امریکی صدر کابل ائیرپورٹ پر دہشتگرد حملوں کی شدید مذمت کی اور امریکی فوجیوں کی ہلاکت پر آبدیدہ ہو گئے۔

انہوں نے کہا کہ حملہ آوروں کو ہرگز معاف نہیں کریں گے، ہم یہ حملہ کبھی نہیں بھولیں گے، کابل دھماکوں میں ہلاک ہونے والے ہمارے ہیروز ہیں، جنہوں نے حملہ کیا وہ اس کی قیمت چکائیں گے اور ہم انہیں طاقت کا جواب دیں گے۔داعش کے دہشتگرد کامیاب نہیں ہو سکتے۔امریکی ہیروز نے اچھے مقصد کے لیے اپنی جان دی۔ہم دہشتگردوں سے خوفزدہ نہیں ہوں گے بلکہ اپنا مقصد حاصل کریں گے۔

امریکی صدر نے خطاب کے دوران واضح کیا کہ ان حالات میں بھی افغانستان سے انخلا جاری رہے گا۔وہاں پر موجود ہمارے کمانڈر انخلا کے مشن کے لیے پرعزم ہیں۔ہم مقررہ وقت میں زیادہ سے زیادہ امریکیوں کو وہاں سے نکالنے کی کوشش کریں گے۔یاد رہے کہ آج شام کابل میں یکے بعد دیگرے کئی دھماکے ہوئے جن میں سینکڑوں جانیں چلی گئی ہیں۔واقعہ کے حوالے سے برطانوی میڈیا نے محکمہ صحت کے حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ دھماکوں میں 60 افراد ہلاک اور 140 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

دوسری جانب امریکی نشریاتی ادارے فوکس نیوز نے امریکی حکام کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ دھماکوں میں 12 امریکی فوجی ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق مرنے والے 11 اہلکار یو ایس میرینز کے ہیں اور ایک امریکی بحریہ کی میڈیکل ٹیم کا اہلکار ہے، امریکی فوجیوں کی ہلاکت کی تعداد میں اضافے کا بھی امکان ہے۔طالبان کا کہنا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں 13 سے 20 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں، مرنے والو ں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں، دھماکے میں طالبان محافظ بھی زخمی ہوئے ہیں۔

جبکہ اے ایف پی کے مطابق شدت پسند تنظیم داعش نیکابل ائیرپورٹ پر خودکش دھماکے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔داعش کے مطابق اس کے خودکش بمبار نے امریکی فوج کے سکیورٹی کے حصار کو توڑتے ہوئے 5 میٹر تک اندر جاکر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں