’میچ میں پاکستان اور افغانستان کے پرچم کو ایک ساتھ لہرائیں‘

عام طور پر کسی بھی کھیل میں مختلف ممالک کی ٹیموں کے درمیان ہونے والے میچ میں شائقین اپنی اپنی ٹیم کو سپورٹ کرتے ہیں۔ لیکن ایسا پہلی بار دیکھنے میں آ رہا ہے کہ شائقین دونوں ٹیموں کو سپورٹ کریں اور دونوں میں سے کوئی بھی جیتے وہ خوش ہوں اور اس کا اظہار بھی کریں۔
شائقین کرکٹ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔ شائقین کرکٹ کی ایک بڑی تعداد سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر اپنے خیالات کا اظہار کر رہی ہے۔
اگرچہ کچھ شائقین کرکٹ صرف پاکستان کرکٹ ٹیم کو سپورٹ کر رہے ہیں لیکن زیادہ تر سوشل میڈیا صارفین دونوں ٹیموں کی کے حق میں بات کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

پاکستان بمقابلہ افغانستان کرکٹ میچ کے حوالے سے ٹوئٹر صارف مومنہ نقوی لکھتی ہیں کہ ’پاکستان اور افغانستان دونوں مسلم ممالک ہیں، اور دونوں کی جیت ہماری اپنی ہی جیت ہے۔‘
انہوں نے میچ کے حوالے سے مزید لکھا کہ’شارجہ دبٸی کرکٹ شائقین سے گزارش ہے کہ میچ میں پاکستان اور افغانستان کے پرچم کو ایک ساتھ لہرائیں تاکہ دنیا کو پتا چلے کے ہم دونوں ایک ہیں۔ دونوں میں سے کوئی بھی جیتے، جیت تو اپنی ہی ہے۔‘