لاہور ہائیکورٹ کے باہر وکلاء اور پولیس میں تصادم

لاہور : صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں احتجاج کے دوران ہائیکورٹ کے باہر وکلاء اور پولیس میں تصادم ہوگیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وکلاء کی جانب سے 3 وکیلوں پر دہشت گردی کے مقدمات درج کرنے اور سول کورٹس کو سیشن کورٹ سے ماڈل ٹاؤن کورٹس میں شفٹ کرنے کے خلاف احتجاج کیا جارہا تھا کہ اس دوران پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی جس کے بعد ہنگامہ آرائی کا سلسلہ شروع ہوا۔
بتایا گیا ہے کہ پولیس کی طرف سے وکلاء کو لاہور ہائیکورٹ میں داخل ہونے سے روکنے کی کوشش کی گئی، اس مقصد کے لیے پولیس نے پہلے وکلاء پر لاٹھی چارج شروع کردیا، پھر انہیں منتشر کرنے کے لیے شیلنگ بھی کی اور وکلاء کو گرفتار کرنے کی کوشش کی، جس کی وجہ سے بھگدڑ مچنے سے کئی وکلا زخمی ہوگئے اور لاہور ہائیکورٹ جی پی او چوک میدان جنگ بن گیا، پولیس نے بیرئیر لگا کر لاہور ہائیکورٹ کے مین گیٹ کا رستہ بند کر دیا، اس دوران مال روڈ اور ملحقہ سڑکوں پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں