مفتاح اسماعیل یا اسحاق ڈار، لیگی قیادت دو دھڑوں میں بٹ گئی

اسلام آباد: مفتاح اسماعیل اور اسحاق ڈار کے حوالے سے لیگی قیادت دو دھڑوں میں بٹ گئی۔جنگ اخبار کی رپورٹ کے مطابق ملکی معیشت کی باگ دوڑ سنبھالنے کے حوالے سے ن لیگ کی قیادت دو دھڑوں میں تقسیم ہو گئی ہے۔وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق لندن میں موجودہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی پاکستان واپسی کے بےچینی سے منتظر ہیں جب کہ شاہد خاقان عباسی اور خواجہ آصف مفتاح اسماعیل کے گرویدہ ہیں۔
خواجہ سعد رفیق نے تازہ ترین بیان میں اسحاق ڈار کی تعریفوں کے پل باندھ دئیے ہیں اور اسحاق ڈار کو دور اندیش ، معیشت کا ماہر، دیانتدار اور قابل قرار دیا ہے۔سعد رفیق نے یہاں تک کہا کہ ان کے بغیر ن لیگ کی ٹیم نامکمل ہے، ڈار صاحب کی رہنمائی پیچیدہ حکومتی امور کے حل کیلئے تریاق ثابت ہو گی۔

اس سے پہلے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا تھا کہ مفتاح اسماعیل وزیراعظم کی ٹیم کے محنتی ترین ارکان میں سے ایک ہیں۔

سابق وزیر اعظم شاہد خاقان کا کہنا تھا کہ معیشت سے متعلق مفتاح اسماعیل کے علم کا پاکستانی سیاست میں اور کسی سے کوئی موازنہ نہیں ، انہوں نے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچانے میں اہم ترین کردار ادا کیا ہے۔خیال رہے کہ لندن میں موجود اسحاق ڈار کہہ چکے ہیں کہ وہ جلد پاکستان آئیں گے جبکہ ان کے وزارت خزانہ سنبھالنے کا فیصلہ پارٹی قیادت کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں