خواجہ آصف کا عمران خان کی گرفتاری کا عندیہ

اسلام آباد : وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کا عندیہ دے دیا۔جنگ اخبار کی رپورٹ کے مطابق خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمران خان پارلیمنٹ حملہ کیس میں گرفتار ہو سکتے ہیں۔آئین شکنی کے مقدمات بنانے ہیں یا نہیں اس کا فیصلہ پارلیمنٹ کرے گی۔عمران خان اپنا توازن ہر لحاظ سے کھو چکے۔

وہ پریشر برداشت نہیں کرپا رہے۔ان کے انداز گفتگو سے ایسا معلوم ہوتا ہے کہ ملک کا وجود ان کے اقتدار سے مشروط ہے۔خواجہ آصف نے کہا عمران خان اقتدار سے لمبی جدائی برداشت نہیں کر سکتے۔تمام ادارے آئین و قانون کے مطابق کام شروع کر دیں تو اس ملک کی تمام تکالیف ختم ہو سکتی ہیں۔اگر عمران خان کو فوج کا کندھا میسر نہیں ہے تو پھر ایکس ، وائی ،زیڈ کی بات کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر آپ نے آئین کے ساتھ وفاداری کرنی ہے تو وہ غیر مشروط ہوتی ہے۔۔خیال رہے کہ وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے بھی گزشتہ روزبیان میں کہا تھا کہ اگر کابینہ نے مقدمہ درج کرنے کی منظوری دی تو عمران خان کو گرفتار کیا جا سکتا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ملکی آئین سے کھلواڑ بہت بڑا جرم ہے ، عمران خان کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کے لیے کام شروع کر دیا گیا ہے ، کابینہ نے اجازت دی تو عمران خان کو گرفتار کرلیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں