ارشد شریف کی والدہ نے وزیر اعظم کے انکوائری کمیشن کو مسترد کر دیا

اسلام آباد : ارشد شریف کی والدہ نے وزیر اعظم کے اعلان کردہ انکوائری کمیشن کو مسترد کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق سینئر صحافی ارشد شریف کی والدہ کی جانب سے وزیر اعظم کے اعلان کردہ انکوائری کمیشن کے معاملے پر ردعمل دیا گیا ہے۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق شہید صحافی کی والدہ نے کہا ہے کہ اعلان کردہ انکوائری کمیشن وزیر اعظم کے بیان سے متصادم ہے، ایسے کمیشن سے آزادانہ تحقیقات کی بالکل توقع نہیں۔

بیٹے کے قتل کی تحقیقات کیلئے ہائی پاور جوڈیشل کمیشن یا انسانی حقوق کمیٹی پر مشتمل کمیشن تشکیل دیا جائے۔ شہید ارشد شریف کی والدہ نے مزید کہا ہے کہ حکومت نے میرے بیٹے کیخلاف بغاوت کے مقدمات بنائے، میرے بیٹے پر ملک کی زمین تنگ کر دی گئی، اب میرے بیٹے کے قتل پر سیاست کرنا بند کی جائے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ارشد شریف کی موت کی تحقیقات کیلئے انکوائری کمیشن قائم کردیا، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ لاہور ہائیکورٹ کے سابق جج عبدالشکور پراچہ انکوائری کمیشن کے سربراہ ہوں گے، ایڈیشنل آئی جی پولیس ڈاکٹر عثمان انور انکوائری کمیشن کے رکن ہوں گے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر آئی بی عمر شاہد حامد بھی انکوائری کمیشن کے رکن ہوں گے۔انکوائری کمیشن پاکستان کمیشن آف انکوائری ایکٹ 2017کے تحت قائم کیا گیا ہے۔ انکوائری کمیشن شہید صحافی ارشد شریف کی موت کی تحقیقات کرے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں