عمران خان پر حملے کے ملزم کا پہلا اعترافی بیان کیسے ریکارڈ ہوا؟

لاہور : چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان پر حملے کے ملزم کا پہلا اعترافی بیان ریکارڈ کرنے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں ڈی پی او گجرات کو اپنا موبائل فون ایس ایچ او کو حوالے کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ایس ایچ او نے اس موبائل فون سے ملزم نوید کا اعترافی بیان ریکارڈ کیا تھا۔ایس ایچ او نے بیان ریکارڈ کرنے کے بعد موبائل ڈی پی او کو واپس کر دیا۔
فوٹیج پر تاریخ 3 نومبر 2022 اور ریکارڈنگ وقت 5 بج کر 28 منٹ درج ہے اور عمران خان پر بھی تین نومبر کو ہی حملہ کیا گیا تھا جس میں وہ زخمی ہو گئے تھے۔ڈی پی او گجرات اب بھی اپنے عہدے پر موجود ہیں۔

۔گذشتہ روز پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا تھا کہ عمران خان نے مذہبی انتہا پسند کے ہاتھوں قتل کے حوالے سے پہلے ہی بیان ریکارڈ کرا دیا تھا، عمران خان پر حملے کے بعد ہسپتال پہنچنے سے پہلے ایک اعترافی ویڈیو ریلیز کی جاتی ہے، اس کے فوری بعد کچھ صحافی اس کو ٹویٹ کرتے ہیں، ڈی پی او گجرات نے کیمرہ ایس ایچ او کو دیا اور کہا حملہ آور کی ویڈیو بنائیں، ڈی پی او کو تفتیش کیلئے بلایا گیا لیکن وہ شامل تفتیش نہیں ہوئے، آخر ڈی پی او کو شامل تفتیش ہونے سے کون روک رہا تھا ، سابق آئی جی فیصل شاہکار سے رابطہ کیا تو ڈی پی او کا فون حوالے کرنے سے انکار کر دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں