نئی سیاسی جماعت کے قیام کی اطلاعات اسلام آباد میں گردش کرنے لگیں

اسلام آباد : اسلام آباد میں نئی سیاسی جماعت کے قیام کے حوالے سے اطلاعات گردش کر رہی ہیں۔جنگ اخبار میں سینئر صحافی انصار عباسی کی رپورٹ کے مطابق مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے سیاستدانوں سے رابطہ کرکے نئی سیاسی جماعت تشکیل دی جا رہی ہے۔کسی مصدقہ ذریعےسے نئی سیاسی جماعت کی تشکیل کی تصدیق نہیں ہو پائی۔
کہا جا رہا ہے ن لیگ کے سابق وزیراعظم شاہد خاقان اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اس نئی جماعت کا حصہ ہوں گے۔شاہد خاقان عباسی کے متعلق سوشل میڈیا پر بھی یہ خبریں گردش کر رہی ہیں کہ انہوں نے ن لیگ سے استعفیٰ دے دیا تاہم شاہد خاقان نے تردید کی ہے۔جب کہ مفتاح اسماعیل نے بھی تردید کرتے ہوئے کہا کہ کراچی سے دو مرتبہ الیکشن ہارنے والا شخص کیسے سیاسی جماعت تشکیل دے سکتا ہے۔
مفتاح اسماعیل نے شاہد خاقان عباسی کے حوالے سے بھی تردید کی کہ انہوں نے پارٹی سے استعفیٰ دے دیا۔مفتاح اسماعیل اور شاہد خاقان عباسی کا خیال ہے کہ کچھ لوگوں کو لگتا ہو گا کہ نئی جماعت تشکیل دی جا رہی ہے کیونکہ میں نے اور میرے کچھ ہم خیال سیاستدان دوست اسلام آباد اور صوبائی دارالحکومتوں میں سیمنار کا انعقاد کر رہے ہیں۔ہمارا ان سیمینارز کے حوالے سے کوئی مخفی ایجنڈا نہیں ہے۔
یہ سیمینار دراصل اُن مسائل کے حوالے سے منعقد کیے جا رہے ہیں جو پاکستان کے لیے باعث تشویش بنے ہوئے ہیں۔مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے سیاستدانوں کو مدعو کیا گیا ہے تاکہ ملکی مسائل پر اتفاق رائے حاصل ہو سکے۔یہاں واضح رہے کہ شاہد خاقان اور مفتاح اسماعیل وہ لیگی رہنما ہیں جنہوں نے معاشی مسائل سے نمٹنے کے لیے پارٹی قیادت کی رائے سے اختلاف کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں