پاکستان میں دیہات سے شہروں کی جانب نقل مکانی کی رفتار اور رجحان میں بہت تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ نقل مکانی کا یہ رجحان نہ صرف شہروں کے مسائل میں اضافہ کر رہا ہے بلکہ دیکھنے میں آیا ہے کہ آبادی میں اضافہ کے سبب شہروں میں جرائم کی رفتار خصوصاً سٹریٹ کرائمز میں بھی خوفناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے۔ شہری آبادی میں اضافہ سے پیدا ہونے والے مسائل کا جائزہ لینے سے پہلے ہم شہروں کی طرف نقل مکانی کے رجحان میں اضافہ کے اسباب کا جائزہ لیتے ہیں۔
یہ حقیقت ہے کہ شہروں کے مقابلے میں دیہات میں سہولیات کا شدید قحط نظر آتا ہے۔ اگر تعلیم کے میدان میں دیکھا جائے تو اکیسویں صدی کے اس انتہائی ترقی یافتہ دور میں آپ کو بعض دیہات پرائمری سکولوں کے وجود سے بھی خالی نظر آئیں گے۔ اکثر دیہاتی سکولوں میں سنگل ٹیچرز ملیں گے جو چھ کلاسز کو زیورِ تعلیم سے آراستہ کرنے کے علاوہ ڈینگی ایکٹیوٹیز کرتے، تصاویر بنا کر محکمے کو ارسال کرتے، سکولوں میں جھاڑو لگاتے، واش رومز تک صاف کرتے نظر آئیں گے۔ اگر کسی سکول میں دو یا تین ٹیچرز ہوں گے تو ایک کے علاوہ باقی ٹیچرز مردم شماری کرتے، امتحانی ڈیوٹیاں دیتے، یا اسی طرح کے دیگر امور سرانجام دیتے نظر آئیں گے۔ایسے میں معیارِ تعلیم کا بری طرح گرنا غیر متوقع اور غیر معمولی بات نہیں ہے۔ خوش قسمتی سے پرائمری پاس کر جانے والے طلبہ کو ساتھ کے کسی بڑے گاﺅں یا قصبے کا رخ کرنا پڑتا ہے۔ ٹوٹی پھوٹی سڑکوں پر روزانہ کا سفر انہیں شدید متاثر کرتا ہے۔ ہائی سکول اور اس سے آگے کی تعلیم اگر حاصل کرنی ہے تو شہروں کی طرف رخ کرنا ضروری ہے۔ اکثر دیہاتی خاندان بچوں کی تعلیم کی خاطر شہروں کا رخ کرتے ہیں جہاں گھر کے دیگر افراد وہیں پر روزگار کی تلاش میں نکل پڑتے ہیں۔
دیہات میں صحت کا مسئلہ بڑا گمبھیر ہے۔ 1985 میں محمد خان جونیجو وزیراعظم پاکستان تھے تو انہوں نے پانچ نکاتی پروگرام کے تحت دیہات میں صحت، تعلیم اور مواصلات کی طرف بھرپور توجہ دی اور موثر اقدام کیے تھے۔ ان کے بعد دیہات میں معکوس ترقی کا ایسا عمل شروع ہوا کہ آنے والی ہر حکومت نے دیہات کو نظرانداز کرنے میں بھرپور حصہ ڈالا۔ دیہات میں صحت کی سہولیات بالکل ناپید ہیں۔ گاﺅں کا ڈاکٹر اکثر ایسا نوجوان ہوتا ہے جو میٹرک میں فیل ہونے کے بعد شہر یا قصبے کے کسی کلینک یا میڈیکل سٹور پر چند ہفتے کام کر کے ”کوالیفائےڈ ڈاکٹر“ ہونے کا درجہ پاتا ہے۔ دیہات میں اکثر ایسا ہوتا ہے کہ مریض کو شہر منتقل کرتے ہوئے راستے میں ہی اس کی جان چلی جاتی ہے۔ اس وجہ سے بھی اکثر لوگ شہروں کو نقل مکانی کر جاتے ہیں۔
دیہات میں ذرائع مواصلات کی حالت بھی ناگفتہ بہ ہے۔ منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہوتا ہے۔ دور دراز کے رہنے والے عزیز و اقارب ان کے ہاں آنے میں تامل کرتے ہیں جبکہ ذرائع آمدورفت کی اس خرابی کی وجہ سے دیہات میں رہنے والوں کے بچوں کی شادی کے لےے بھی معقول رشتے مل نہیں پاتے جو دیہات سے شہروں کی طرف منتقلی کا سبب بنتے ہیں۔
دیہات میں روزگار کے ذرائع انتہائی محدود اور اجرت بھی بہت کم ہوتی ہے۔ جو لوگوں کی شہروں کی جانب منتقلی کا باعث بنتی ہے۔
ایک اور سبب دیہات میں بگڑے رئیس زادے اور امیرزادے بھی ہوتے ہیں جن کے ہاتھوں لوگوں کی عزتیں محفوظ نہیں ہوتیں اور وہ اپنی غربت کے باعث تھانہ کچہری سے انصاف نہیں لے پاتے جس کی وجہ سے وہ شہروں کو نقل مکانی کر جاتے ہیں۔
شہروں کی جانب نقل مکانی سے شہری زندگی پر بہت دباﺅ پڑا ہے۔ شہروں میں جتنی بھی تیز رفتاری سے سہولیات دی جائیں وہ بڑھتی آبادی کا مقابلہ نہیں کر پاتیں۔ ہسپتالوں پر بڑھتی آبادی نے اس قدر اثر ڈالا ہے کہ ایک بیڈ پر تین تین مریض پڑے نظر آتے ہیں مگر پھر بھی مریضوں کی کثیر تعداد داخلے سے محروم رہ جاتی ہے۔ ایمرجنسی آپریشن کی باری آنے میں بھی کئی ہفتے لگ جاتے ہیں۔ طلبہ کی کثیر تعداد کی وجہ سے بڑے کالجز اور یونیورسٹیوں کے داخلے کا میرٹ بڑھ گیا ہے جس کی وجہ سے طلبہ کی بڑی تعداد داخلوں سے محروم ہو کر پرائیویٹ ادارو ں میں مہنگی تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہے۔ سڑکوں پر ٹریفک کا دباﺅ بڑھ گیا ہے جس کی وجہ سے رش کے اوقات میں دس منٹ کا سفر آدھے سے ایک گھنٹے میں طے ہو پاتا ہے۔ ٹریفک میں بے ہنگم اضافے کے سبب روڈ ایکسیڈنٹ بھی زیادہ ہونے لگے ہیں۔ شہروں میں آبادی میں اضافہ نے چوریوں اور ڈاکوں میں اضافہ کے ساتھ ساتھ سٹریٹ کرائمز میں بھی خطرناک حد تک اضافہ کر دیا ہے۔ دیہات میں گھر کشادہ ہوتے ہیں۔ فی کنال چار یا پانچ لوگ رہتے ہیں۔ لاہور جیسے شہر میں فی مرلہ رہنے والوں کی اوسط تعداد دس ہے جو صحت کے مسائل پیدا کر رہی ہے۔ دیہات کی کھلی اور تازہ ہوا کے مقابلے میں شہری دھوئیں اور زہریلی گیسوں سے آلودہ ہوا میں سانس لینے پر مجبور ہیں۔
دیہات سے شہروں کی طرف لوگ سہولیات کی وجہ سے نقل مکانی کرتے ہیں مگر بہت سے مسائل کا شکار ہو جاتے ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ اس خطرناک رجحان کو روکنے کے عملی اقدام کرے۔ دیہات میں تعلیم، صحت اورآمدورفت کی سہولیات کو بہتر کرے۔ روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کرے۔ کسی بھی نئی انڈسٹری کو شہروں کے قریب لگانے کی اجازت نہ دے۔ دیہات اور قصبات میں تکنیکی اور پیشہ ورانہ تعلیم کے ادارے قائم کرے جہاں سے ہنر سیکھ کر نوجوان برسرِ روزگار ہو سکیں۔ لا ءاینڈ آرڈر کی صورتِ حال کو بہتر کیا جائے ورنہ شہروں کی طرف نقل مکانی کا رجحان شہری زندگی کو مزید خطرناک بنا دے گا۔
Load/Hide Comments