رجب طیب اردوان کا شہباز شریف کو ٹیلی فون،وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد

اسلام آباد: ترکیہ کے صدر کا نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف کو ٹیلی فون،دوسری مرتبہ پاکستان کاوزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی،رجب طیب اردوان نے شہباز شریف کی کامیابی پر نیک تمناوٴں کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور بھائی چارے کے رشتے کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا ترک صدر نے شہبازشریف کی صلاحیتوں پر مکمل اظہاراعتماد کیا، وزیراعظم نے ترک صدر رجب طیب اردوان کا شکریہ ادا کیا، دونوں رہنماوٴں نے دو طرفہ تعاون کے مزید فروغ کا عزم ظاہر کیا۔
رجب طیب اردوان کا کہناتھاکہ شہباز شریف کے بحیثیت وزیراعظم انتخاب پر بہت خوشی ہوئی، پاکستان اور ترکیہ کی ترقی کیلئے مل کر کام کریں گے۔
نومنتخب وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ طیب اردوان کے تہنیتی جذبات کا خیرمقدم کرتا ہوں، انہوں نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کی حمایت کی ہے ، ترکیہ نے ہمیشہ پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کی ، انشا اللہ پاکستان دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرے گا۔

مسلم ممالک ترکیہ کے اس کردار کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، رجب طیب ایک تجربہ کار رہنما ہیں، ہمیں ان کے تجربہ سے مستفید ہونے کی ضرورت ہے۔دونوں رہنماوٴں کے درمیان سائپرس کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی ، ہائی لیول سٹریٹیجی ڈائیلاگ کے ساتویں سیشن میں پاکستان اور ترکیہ مل کر اس حوالے سے مزید پیشرفت کا جائزہ لیں گے۔دریں اثناءتاجکستان کے صدر نے بھی شہباز شریف کو دوسری بار وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارک باد دیتے ہوئے اپنے ملک کا دورہ کرنے کی دعوت دی پاکستان میں تاجکستان کے سفارت خانے کی جانب سے آگاہ کیا گیاکہ تاجکستان کے صدر امام علی رحمان نے شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنا پیغام بھیجا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں