وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کی تقرری کیلئے صدر مملکت کو نام تجویز کردئیے

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کی تقرری کے لئے صدر مملکت کو نام تجویز کر دئیے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے وفاقی کابینہ کے لیے تجویز کردہ ناموں میں اسحاق ڈار، مصدق ملک، خواجہ آصف، احسن اقبال، رانا تنویر، جام کمال، انجینئر امیر مقام، اویس لغاری، عطا اللہ تارڑ، خالد مقبول صدیقی، قیصر شیخ اور ریاض پیرزادہ شامل ہیں، بتایا گیا ہے کہ اسحاق ڈار اور مصدق ملک اپنی سینیٹ کی مدت مکمل ہونے کے بعد بھی بطور وفاقی وزراء کام کریں گے، وزیراعظم شہباز شریف نے آئین کے آرٹیکل 91 کی کلاز 9 کے تحت محمد اورنگزیب، احد چیمہ اور محسن نقوی کی بھی بطور وفاقی وزراء تقرری کی تجویز دی ہے، وزیر اعظم نے شزا فاطمہ خواجہ کو وزیر مملکت بنانے کی تجویز دے دی۔
بتایا جارہا ہے کہ وفاقی کابینہ بھی آج حلف اٹھائے گی، حلف برداری کی یہ تقریب دوپہر 3 بجے ہو گی، جس میں صدر آصف علی زرداری کابینہ ارکان سے حلف لیں گے،پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے گزشتہ روز صدر مملکت کے عہدے کا حلف اٹھایا، ایوان صدر میں ہونے والی تقریب کے دوران چیف جسٹس پاکستان نے ان سے حلف لیا، آصف زرداری کی تقریب حلف برداری کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، وزیر اعظم شہباز شریف، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان بھی تقریب میں شریک ہوئے، وزرا، مختلف ممالک کے سفیروں کو بھی تقریب میں مدعو کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں