آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی سعودی دارالحکومت ریاض میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات ہوئی ہے،پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سعودی عرب پہنچے جہاں شاہی محل آمد پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے سربراہ پاک فوج کا خیرمقدم کیا۔آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ملاقات میں دوطرفہ تعلقات ،علاقائی و عالمی مسائل اور باہمی دلچسپی کے امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، سعودی وزیر دفاع جنرل فیاض بن حمید الرویلی، چیف آف جنرل سٹاف سعودی مسلح افواج اور انجینئر طلال عبداللہ العتیبی کے معاون وزیر دفاع،پاکستان میں سعودی سفیر نواف المالکی، پاکستان کے سعودی عرب میں سفیر احمد فاروق اور دیگر اعلیٰ عسکری قیادت موجود تھی۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پاک سعودی تاریخی برادرانہ تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب اور پاکستان کے تاریخی برادرانہ اور مضبوط تعلقات ہیں، سعودی عرب اور پاکستان ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں