معاشی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے سب کا مل بیٹھنا وقت کی ضرورت ہے، وزیراعظم

اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ معاشی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے سب کا مل بیٹھنا خوش آئند اور وقت کی ضرورت ہے، تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ایس آئی ایف سی سے متعلق ارکان کو تفصیلی بریفنگ دی گئی، اجلاس کے دوران ملک میں سرمایہ کاری سے متعلق امور کا جائزہ بھی لیا گیا، اجلاس کے دوران سابق نگران وزرا کی جانب سے اپنے دور میں اٹھائے گئے اقدمات پر بریفنگ بھی دی گئی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ایس آئی ایف سی ایک اہم پلیٹ فارم ہے جسے جاری رکھا جائے گا، ایس آئی ایف سی کی ایپکس کمیٹی نے نگران حکومت میں بھی مؤثر کام کیا ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں، معاشی ترقی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے یہ پلیٹ فارم بہت اہم ہے، ملک کو درپیش معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سب کا مل بیٹھنا خوش آئند اور وقت کی ضرورت ہے، عسکری قیادت نے اس پلیٹ فارم کی کامیابی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ میں غیر معمولی کام کیا۔
بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں سول و عسکری قیادت نے شرکت کی، آرمی چیف جنرل عاصم منیر ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں خصوصی طور پر شریک ہوئے، اجلاس میں سابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اور ان کی نگران کابینہ نے بھی شرکت کی، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ مریم نواز، سرفراز بگٹی، مراد علی شاہ اور علی امین گنڈا پور اجلاس میں شریک ہوئے، وفاقی وزراء نے بھی ایپکس کمیٹی اجلاس میں شرکت کی۔
علاوہ ازیں وزیرِاعظم کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جہاں شہباز شریف نے کہا کہ امید کرتا ہوں کابینہ عوام کے اعتماد پر پورا اترے گی، ہمیں قرضوں سے جان چھڑانی ہے لیکن ہمیں اب آئی ایم ایف کے نئے پروگرام کی ضرورت ہے، آہستہ آہستہ قرضوں سے جان چھڑوا لیں گے کیوں کہ مزید قرضے پاکستان کے لیے نقصان دہ ہیں امید کرتا ہوں کابینہ عوام کے اعتماد پر پورا اترے گی، ایس آئی ایف سی نے ہمارے ساتھ بہت کام کیا ہے، میثاقِ معیشت کے ساتھ ہمیں یکجہتی کا چارٹر بھی پیش کرنا چاہیئے، یکجہتی اور معاشی ترقی دونوں لازم و ملزوم ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں