گوادر حملے میں ہلاک دہشت گرد کا نام لاپتا افراد میں شامل ہونے کا انکشاف

اسلام آباد: گزشتہ روز گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیکس پر حملے میں ہلاک دہشت گرد کا نام لاپتا افراد کی فہرست میں شامل ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

لاپتا افراد کے نام پر ملک کو بدنام کرنے کی ایک اور سازش بے نقاب ہو گئی۔ بدھ کے روز دہشت گرد تنظیم بی ایل اے کے دہشت گردوں نے گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیکس پر بزدلانہ حملہ کیا تھا، جس میں فائرنگ کے تبا دلے میں 8 دہشت گرد ہلاک ہوئے جو علاقے میں متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔

گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیکس پر حملے میں کالعدم تنظیم بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن آزاد کے دہشت گرد کے ملوث ہونے کی تصدیق ہو گئی ہے۔ بی ایس او آزاد کے مطابق دہشت گرد کریم جان ولد فضل بلوچ تربت کا رہائشی تھا جو 25مئی 2022کو لاپتا ہو گیا تھا۔ وہی دہشت گرد کریم جان گزشتہ روز گوادر حملے میں دہشت گردی کرتے ہوئے مارا گیا۔

حملے میں ہلاک دہشت گرد کا نام لاپتا افراد کی فہرست میں شامل ہونے سے اس سازش پر سے بھی پردہ اٹھ رہا ہے کہ لاپتا افراد کے نام پر سیاست کرنے والے عناصر بیرونی قوتوں کی ایما پر ملک میں بدامنی اور انتشار پھیلا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں