مونس الہٰی کو الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی

لاہور : لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء مونس الہٰی کو الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔ تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر مونس الہٰی کو ضمنی الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دے دی گئی ہے، اس حوالے سے لاہور ہائی کورٹ کے اپیلیٹ ٹریبونل نے پی ٹی آئی رہنماء کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا ریٹرننگ افسر کا فیصلہ کلعدم قرار دے دیا، الیکشن ایپلیٹ ٹربیونل نے اپنے فیصلے میں مونس الہٰی کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے۔
بتایا گیا ہے کہ ضمنی الیکشن 2024ء کے لیے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے پر سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی اور ان کے صاحبزادے مونس الٰہی نے ریٹرننگ آفیسر کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی، پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چوہدری پرویز الٰہی اور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی کی جانب سے دائر اپیل میں مؤقف اپنایا گیا کہ ریٹرننگ آفیسر نےمونس الٰہی کے پی پی 158 کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جب کہ ریٹرننگ آفیسر نے پرویز الہی کے پی پی 32 سے کاغذات نامزدگی مسترد کیے۔
اپیل میں کہا گیا کہ ریٹرننگ آفیسر نے دونوں امیدواروں کے حقائق کے برعکس کاغذت نامزدگی مستردکیے، پرویز الہی کے کاغذات نامزدگی اثاثہ جات چھپانے کے الزام میں مسترد کیے، ریٹرننگ آفیسر نے مونس الہی کے کاغذات عدالتی مفرور ہونے کے باعث کاغذات نامزدگی مسترد کیے، عدالت ریٹرننگ افیسر کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔ ادھر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مونس الہٰی نے کہا ہے کہ ہمارے لیے جیل اور ایف آئی اے نہیں بلکہ الگ پلان بنا ہوا ہے، عمران خان کو ریلیف ملے گا تو ویسے ہی ہمیں بھی ملے گا، پی ٹی آئی قائد عمران خان باہر آئیں گے تو میرے، حماد اظہر، مراد سعید اور دیگر رہنماؤں کی واپسی کے امکانات ہوں گے کیوں کہ اس وقت ہمارے لیے جیل اور ایف آئی اے والا نہیں بلکہ الگ پلان بنا ہوا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں