اسلام آباد ہائی کورٹ کو ختم کرنے کی سازش ہو رہی ہے، بابراعوان

اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے وکیل رہنماء بابر اعوان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کو ختم کرنے کی سازش ہو رہی ہے، مجھے امید ہے ججز کے خط کے معاملے پر سپریم کورٹ میں فل بینچ بنے گا، فل بینچ بنا کر روزانہ کی بنیاد پر اس معاملے پر سماعت کرنی چاہیئے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اللہ نے مجھے یہ اعزاز دیا تھا 2010ء میں اسلام آباد ہائی کورٹ بنا تھا، جس کے بعد سے ہر رنگ کی بیوروکریسی کے گریبان پر ہاتھ پڑا ہے، جسٹس بابر ستار کے فیصلے کے بعد ہائی کورٹ کو ختم کرنے کی کوششیں تیز کر دی گئیں، یہ جو کچھ بھی ہو رہا ہے یہ اسی سازش کے مختلف حصے آپ کو سامنے نظر آرہے ہیں۔
سینئر وکیل کا کہنا ہے کہ ہم تاریخ ساز مزمت کریں گے جس طرح بھی اسلام اباد ہائی کورٹ کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی، پورے ملک کی بارز اور وکلاء اسلام آباد ہائی کورٹ کا تحفظ کریں گے، اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز ہمارے ہیرو ہیں اور ان کا بھی تحفظ ہم کریں گے، اسلام آباد کی انتظامیہ حکومت کے مخالفین کے پیچھے لگی ہوئی ہے، اسلام آباد کے لوگوں کے حقوق کے تحفظ کرنے والی جگہ ہی پروٹیکشن سے محروم ہو گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں