پٹنہ کی زیرِ آب سڑکوں پربھارتی ماڈل کافوٹو شوٹ

پٹنہ: بھارت کی شمال مشرقی ریاست بہار کے دارالحکومت پٹنہ میں شدید بارشوں کے بعد زیر آب سڑکوں پر ایک فینسی فوٹو شوٹ کروانے والی ایک ماڈل کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ،بھارتی ٹی وی کے مطابق تصویروں میں ماڈل سیلاب جیسی صورتحال سے لطف اندوز ہوتی نظر آ رہی ہے۔ گلیمرس انداز کی ان تصاویر کو وسیع پیمانے پر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور انھیں غیرحساس قرار دیا جا رہا ہے۔

لوگوں کا کہنا تھا کہ سیلاب جیسی صورتحال جشن منانے کا موقع تو نہیں ہوتی، اس میں کئی لوگ ہلاک اور بہت سے بے گھر ہو جاتے ہیں اور وہ اسے فوٹوگرافر کی بے حسی قرار دے رہے ہیں۔ایک صارف نے ان تصویروں پر تبصرہ کیا کہ یہ ایک احمقانہ عمل ہے اور یہ سیلاب کی تباہ کاریوں کی اہمیت کو کم کر دیتا ہے لیکن کئی لوگ اسے تخلیقی عمل قرار دے رہے ہیں۔

اسی دوران فوٹو میں نظر آنے والی ماڈل آدیتی سنگھ کا کہنا تھا کہ اس فوٹو شوٹ کا مقصد سیلاب کی صورتحال سے دوچار لوگوں کا مذاق اڑانا نہیں،لوگ اسے سوشل میڈیا پر غلط طریقے سے لے رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں