سابق وزیراعظم نواز شریف کی حالت مزید خراب

لاہور : سابق وزیراعظم نواز شریف چوتھے روز بھی سروسز اسپتال لاہور میں زیر علاج ہیں جہاں ان کے طبی معائنے کے ساتھ ساتھ ضروری اور اہم ٹیسٹس بھی کیے جا رہے ہیں۔ نواز شرف کی صحت سے متعلق موصول ہونے والی تازہ اطلاعات کے مطابق نواز شریف کی طبیعت مزید خراب ہو گئی ہے۔ نواز شریف کے جسم پر خون کے دھبے بن گئے ہیں۔

پلیٹ لیٹس میں کمی کے باعث نوازشریف کے جسم میں بلیڈنگ ہو رہی ہے۔ جس کے بعد میڈیکل بورڈ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو پانچ روز تک امیونوگلوبلین کا انجکشن لگانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف اس وقت سروسز اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ نواز شریف کے مرض کی آئی ٹی پی کے نام سے تشخیص ہو گئی، پلیٹ لیٹس بھی پھر کم ہو کر 6 ہزار تک پہنچ گئے جبکہ گذشتہ روز پلیٹ لیٹس 20 ہزار تک پہنچ گئے تھے۔

نواز شریف کو آئی ٹی پی یعنی ایکیوٹ امیون تھرومبو سائٹوپینیا کا مرض لاحق ہے، یہ بیماری کسی بھی وائرل انفیکشن کے بعد ہو سکتی ہے، یہ بیماری مختصر مدت کی ہوتی ہے، نواز شریف کو انجکشن دئیے گئے، سابق وزیراعظم کا بون میرو مکمل فنکشنل ہے۔ دوسری جانب حکومت نے وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین کونوازشریف کی صحت سے متعلق درست معلومات کیلیے فوکل پرسن بھی مقررکیا ہے، نوازشریف کے پلیٹ لیٹ کم ہونے پرحکومت کو شدید دباؤ کا سامنا اور تشویش بھی پائی جاتی ہے۔

اب سے کچھ دیر قبل پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ نواز شریف کی طبیعت میں بہتری آئی ہے۔ ان کی طبیعت خراب ہے، اللہ بہتر کرے گا۔ دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی ضمانت پر رہائی کی درخواست دائر کی گئی ہے جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں بھی سابق وزیراعظم نواز شریف کی سزا معطلی کی درخواست دائر کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں