ایف اے ٹی ایف پاکستان کی کارکردگی کا جائزہ کب لے گا؟تفصیلات سامنے آگئیں

اسلام آباد : فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے 21 سے 26 جون تک جاری رہنے والے اجلاس میں پاکستان کی جانب سے منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کے لیے مالی معاونت کے خلاف کارروائی سے متعلق کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق فروری میں پیرس سے تعلق رکھنے والے مالیاتی جرائم کے اس عالمی واچ ڈاگ نے پاکستان کو منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کے لیے مالی معاونت کے خلاف 27 نکاتی ایکشن پلان پر عمل کیلئے 4 ماہ کا اضافی وقت دیا تھا جس میں اس وقت پاکستان 14 پر عمل کرچکاتھا جبکہ 13 پر عمل کرنا باقی تھا اس حوالے سے ایک سینئر سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ پاکستان کی کارکردگی کا جائزہ 21 سے 26 جون تک بیجنگ میں منعقد ہونے والے ایف اے ٹی ایف اور یوریشین گروپ کے جوائنٹ ورکنگ گروپ کے اجلاس میں لیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ اس اجلاس میں لیے گئے جائزے کی بنیاد پر اکتوبر میں اس بات کا اعلان ہوگا کہ پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالا جائے یا نہیں۔عہدیدار نے بتایا کہ کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے لگائے لاک ڈاؤن کی وجہ سے کچھ ایکشن پلان پر عمل کرنا اب بھی باقی ہے۔عہدیدار نے بتایا کہ پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کے ساتھ فروری میں کیے گئے وعدوں کی تکمیل کیلئے ایک وسیع البنیاد حکمت عملی اپنائی ہے اور اس میں تیزی سے پیش رفت حاصل کررہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں