پاکستان کپ میں بلوچستان نے 23 رنز سے کامیابی کی بدولت سرفہرست پوزیشن پر قبضہ جما لیا جس کیلئے علی عمران مرد میدان قرار پائے ،دفاعی چیمپئن ٹیم فیڈرل ایریاز کو لگاتار چوتھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم پر ایونٹ کے نویں میچ میں فیڈرل ایریاز نے ٹاس جیت کر فیلڈ سنبھالی تو بلوچستان کی ابتدائی دو وکٹیں 15 رنز پر گرانے کے بعد انہیں کپتان اسد شفیق کے 72 اور علی عمران کے 77 رنز کی بدولت 151 رنز کی رفاقت کا سامنا رہا جبکہ بعد میں عمر اکمل نے بھی چھ چوکوں اور چار چھکوں سمیت 77 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو 289 رنز تک پہنچانے میں بھرپور مدد فراہم کی حالانکہ بلوچستان کی آخری چھ وکٹیں محض 48 رنز کے فرق سے گر گئی تھیں۔صدف حسین نے چار اور خرم شہزاد نے دو کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا۔جواب میں فیڈرل ایریاز کو احمد شہزاد نے 44 اور اسرار اللہ نے 31 رنز بنا کر بہتر آغاز فراہم کیا جبکہ سعود شکیل نے 40 اور کپتان محمد رضوان نے نو چوکوں سمیت 76 رنز بنا کر اپنی پیش قدمی جاری رکھی لیکن اس کے بعد نہال منصور کو ہی 22 رنز بنانے کا موقع مل سکا اور ایک موقع پر محض چار وکٹیں گنوا کر 218 رنز تک رسائی پانے والی ٹیم 47 ویں اوور میں 266 رنز تک محدود ہو گئی۔فاتح ٹیم کی جانب سے عماد بٹ تین وکٹیں لے کر کامیاب بالر رہے جبکہ تاج ولی اور عمرخان نے بھی دو،دو وکٹیں حاصل کر کے اپنی ٹیم کو فتح دلادی۔آج دسویں میچ میں پنجاب کا سامنا سندھ کی ٹیم سے ہوگا۔
شوبز
دلچسپ وعجیب
مزید پڑھیں
Load/Hide Comments