وفاقی کابینہ نے کورونا ویکسین کی خریداری کی منظوری دے دی

اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کی خریداری کی منظوری دے دی۔

وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں کورونا وائرس کی ویکسین کی خریداری کی منظوری دے دی گئی اور اس کام کے لیے 15 کروڑ ڈالر مختص کردیے گئے۔

وفاقی کابینہ نے نیشنل انسٹیٹوٹ آف ہیلتھ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی مدت ملازمت میں توسیع اور نجی ایئرلائن ایئر سیال کے لائسنس کی بھی منظوری دے دی۔
کابینہ نے پاکستان اسٹیل ملز کے ملازمین کو گولڈ ہینڈ شیک دینے سمیت مختلف اداروں کی نجکاری کی بھی منظوری دی۔ اجلاس میں ایم کیو ایم نے ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن کی نجکاری کی مخالفت کی۔

وفاقی وزیر امین الحق نے کہا کہ ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن ایک منافع بخش ادارہ ہے جو حکومت کے منشور کے مطابق لوگوں کو سہولت فراہم کررہا ہے۔

کابینہ کو نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی، راوی اربن ڈویلپمنٹ اور بنڈل آئی لینڈ پر بریفنگ بھی دی گئی۔ اجلاس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات کے مطابق توہین رسالت کے معاملے پر فرانس سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا معاملہ زیر غور آیا لیکن اس پر کوئی فیصلہ نہ ہو سکا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں