ملتان میں آم کے درختوں کی کٹائی کی ویڈیو ڈی ایچ اے کی نہیں بلکہ کہاں کی ہے؟

ملتان (ویب ڈیسک) گزشتہ کچھ دنوں سے سوشل میڈیا پر ایسی ویڈیوز گردش کر رہی ہیں جن میں دیکھا جاسکتا ہے کہ آم کے باغوں کی کٹائی کی جا رہی ہے۔ سوشل میڈیا صارفین نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) ملتان کیلئے جگہ خالی کرنے کیلئے کٹائی کی جا رہی ہے تاہم اب اس کی حقیقت سامنے آگئی ہے۔

بی بی سی کے مطابق آم کے باغات کی کٹائی کی جو ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں وہ چھ سے سات مہینے پرانی ہیں اور یہ ڈی ایچ اے کی نہیں بلکہ سٹی ہاؤسنگ اتھارٹی کی ہیں جس نے فیز ٹو کی توسیع کیلئے کٹائی کی ہے۔مقامی افراد اور حکام نے تصدیق کی ہے کہ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز ملتان کے بوسن روڈ اور شجاع آباد روڈ پر واقع آم کے باغات کی کٹائی کی ہیں۔

ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈی جی آغا علی عباس کے مطابق سٹی ہاؤسنگ سوسائٹی کو بوسن روڈ پرواقع فیز ون میں تعمیرات کی اجازت دی گئی ہے اس لیے وہ وہاں پر درختوں کی کٹائی سمیت ہر قسم کے ترقیاتی کام کرسکتے ہیں لیکن شجاع آباد روڈ پر واقع فیز ٹو پر اجازت نہیں دی گئی اس لیے وہاں ہونے والی کٹائی کی تحقیقات کی جائیں گی۔

آغا علی عباس کا کہنا ہے کہ قانونی طور پر نجی ملکیت کی زرعی زمینیں جو زرعی زون میں نہیں آتیں وہاں محکمہ درختوں کی کٹائی، باغات اور زرعی زمنیں ختم کرنے اور کاٹنے پر کوئی قانونی کارروائی نہیں کر سکتا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں