سنگدل بدبخت باپ جوئے میں بیٹی ہار گیا

گوجرانوالہ : گوجرانوالہ کے علاقہ میں زمانہ جاہلیت کی ایک جھلک اُس وقت دیکھنے میں آئی جب جوئے کی لت میں مبتلا سنگدل بد بخت باپ جوئے میں اپنی ہی بیٹی ہار گیا۔ تفصیلات کے مطابق موضع وائیانوالی کا رہائشی طارق محمود جوا کی لت میں مبتلا ہے جس نے اپنی 22 سالہ بیٹی کائنات کو مبینہ طور پر 50 سالہ شخص امجد فاروق کے آگے جوا میں ہار دیا اور اپنے جرم پر پردہ ڈالنے کی خاطر بیٹی کا زبردستی نکاح 50 سالہ ساتھی جواری سے کر دیا۔

ملزم کے خلاف درج کیے گئے مقدمے کے مطابق بدبخت باپ طارق نے کرکٹ میچ پر 10 لاکھ روپے کی شرط لگارکھی تھی جو ہارنے کے بعد رقم نہ ہونے پر اپنی بیٹی کا نکاح 50 سالہ جواریے سے کر کے پوری کرنا پڑی۔ ملزم امجد فاروق اور اس کے ساتھی خالد، امتیاز زبردستی کیری ڈبہ میں ڈال کر لے گئے جب کہ متاثرہ لڑکی کے چہرہ پر زخموں کے واضح نشانات ہیں۔

لڑکی کی ماں کی جانب سے درج کروائے گئے مقدمے میں مؤقف اپنایا گیا کہ شادی کی پہلی رات ہی جواریے نے میری بیٹی پر انکشاف کیا کہ میں نے شادی نہیں کی بلکہ تمہیں تمہارے باپ سے جوئے میں جیتا ہے۔

لڑکی کی والدہ نے مؤقف اپنایا کہ میرے داماد نے شادی کی پہلی رات ہی میری بیٹی کو تشدد کا نشانہ بنایا اس کے چہرے پر زخموں کے نشانات بھی واضح تھے، جس کے بعد میری بیٹی نے اپنے گھر واپس آ کر سسرال جانے سے انکار کردیا تو ملزمان نے گھر آ کر اسے پھر سے تشدد کا نشانہ بنایا۔ مقدمے میں لڑکی کے باپ سمیت جواریے کو بھی ملزم نامز د کیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ لڑکی کی والدہ کی درخواست پر مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے تاہم تاحال کسی ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں