وزیر اعلی پنجاب کا پولیس کو عوامی خدمت کا مثالی ادارہ بنانے کا عزم

تحریر:حامد جاوید اعوان

وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی نے پولیس کوامن وامان قائم رکھنے اور شہریوں کی داد رسی کے ساتھ ساتھ مستعدی کے ساتھ اپنے فرائض منصبی کی انجام دہی کے لیے عوامی خدمت کا مثالی ادارہ بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے اور کہا ہے کہ جدید ترین اسلحہ اورعصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق اعلی معیار کی پیشہ وارانہ تربیت سے لیس پولیس فورس ہی مجرموں کی سرکوبی یقینی بنا سکتی ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے مذموم مقاصد کو ناکام کرکے شہریوں میں احساس تحفظ کی فضا قائم رکھ سکتی ہے وزیراعلی پنجاب کی ہدایات کے مطابق عوامی خدمت کے مقاصد کے حصول کے لیے پنجاب پولیس میں اصلاحات کا عمل تیزی سے جاری ہے پنجاب پولیس نے شہریوں کی سہولت اور آسانی کےلئے مناواں لائنز میں نئے سی ٹی پی ایل سمارٹ 24/7 لائسنسنگ سنٹر کا افتتاح کر دیا ہے جس سے لاہور کے شہریوں کو ہفتے کے ساتوں دن ڈرائیونگ لائسنس سروسز دستیاب ہونگی۔لاہور میں چوبیس گھنٹے سات دن شہریوں کو بلا ناغہ لائسنس سے متعلقہ سہولیات فراہم کرنے والا پہلا سنٹر قائم کیے جانے سے لاہور کی کثیر آبادی کو لائسنس کے حصول میں سہولت میسر آئے گی کیومیٹک مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے شہری مکمل شفاف انداز میں ٹریفک پولیس کی لائسنسنگ خدمات حاصل کرسکیں گے۔

آئی جی پنجاب نے سی ٹی پی ایل سمارٹ /7 24 لائسنسنگ سنٹرکا افتتاح کیا اور مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔ سی سی پی او لاہور، سی ٹی او لاہور منتظر مہدی نے آئی جی پنجاب کو سمارٹ لائسنسنگ سنٹر کی ورکنگ بارے بریفنگ دی۔ آئی جی پنجاب نے شہریوں کیلئے ڈرائیونگ لائسنس اجراء کا عمل مزید آسان بنانے کے بارے میں ہدایات دیں۔ آئی جی پولیس نے اس موقع پر کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے موثر استعمال سے شہریوں کو لائسنس سمیت دیگر خدمات کی فراہمی کا سلسلہ جار ی رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین پر پابندی کرنے سے سڑک پر حادثات کے واقعات میں واضح کمی آ سکے گی۔ فیصل شاہکار نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں اس وقت 22لرنرز بوتھ اور 6 ڈرائیونگ ٹیسٹنگ سنٹر کام کر رہے ہیں .

خواتین کےلئے لبرٹی میں الگ لائسنسنگ سنٹر بھی قائم کیا گیا ہے سمارٹ لائسنسنگ سنٹر میں فریش، انٹرنیشنل، لرنر پرمٹ، ڈپلیکیٹ، تجدید یا لائسنس کی تصدیق جیسی سہولیات میسر ہونگیں،آئی جی پنجاب نے پولیس سروسز کی فراہمی میں ٹریفک پولیس کے کردار کو سراہا۔

وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے دربار ہال سول سیکرٹریٹ میں پولیس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس کا سرویلنس سسٹم بہتر کرنے کے لیے پنجاب میں 150 پولیس پٹرولنگ پوسٹیں بنائیں گے۔کچے کے علاقے میں سپیشل فورس کوتنخواہ کا خصوصی پیکیج دیں گے۔کچے کے علاقے میں بنکرقائم کیے جائیں گے۔بلٹ پروف گاڑیاں اورآرمڈ،بلٹ پروف جیکٹس اورٹریکر والی خصوصی گاڑیاں فراہم کریں گے۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ عام آدمی کو تھانے میں فوری انصاف ملناچاہیے۔پولیس کا فرض ہے کہ وہ تھانے آنے والے ہر سائل کی بلاتفریق دادرسی کرے۔جب عام آدمی کا رویہ پولیس کے بارے میں بدلے گاتب ہی تھانہ کلچر بھی تبدیل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ایف آئی آر اوردادرسی کیلئے عوام کو باربار تھانے جانے کی ضرورت پیش نہیں آنی چاہیے۔ایف آئی آر قانون کے مطابق مضبوط ہونی چاہیے۔انوسٹی گیشن کے عمل کو بہتر اورموثر بنایا جائے تاکہ مجرم سزا سے بچ نہ سکے۔لاڈگری والے پولیس افسروں کو انوسٹی گیشن افسر بنایا جائے گا۔پولیس کا کمزور انوسٹی گیشن کی وجہ سے کیس ہارنا سبکی کا باعث بنتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پنجاب پولیس کی معاونت کے لئے پٹرولنگ پولیس پوسٹیں قائم کیں۔ پولیس کے دیگر ایشوز بھی حل کریں گے۔پولیس کیلئے گاڑیاں دے رہے ہیں۔مانیٹرنگ کیلئے ایف آئی آر کی تین کاپیاں سی ایم مانیٹرنگ سیل، متعلقہ ڈی آئی جی ا ورایس ایس پی کو بھجی جائے۔انہوں نے کہا کہ پولیس کا فرض ہے کہ وہ سائل کی خدمت کرے اورسائل کواب تھانے میں واضح فرق نظر آنا چاہیے۔کچے کے علاقے کیلئے آرمی کے ریٹائرڈ کمانڈوپر مشتمل فورس قائم کرنے کا جائزہ لے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرم کے دوران امن وامان برقرار رکھنے کیلئے بہترین کارکردگی پر پولیس افسروں اورملازمین کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین ؓ اورشہدائے کربلا کے چہلم کے دوران امن عامہ کے انتظامات کی میں نے خود مانیٹرنگ کی۔وزیراعلیٰ پنجاب اورسپیکر پنجاب اسمبلی کی حیثیت سے ہمیشہ افسروں اورملازمین سے نرم رویہ اختیار رکھا۔وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے جرائم پیشہ عناصر اورگینگز کے خلاف موثر کارروائی پر رحیم یار خان اورراجن پورکے ڈی پی اوز کو شاباش دی۔صوبائی وزیر داخلہ ہاشم ڈوگر نے کہا کہ پولیس افسروں واہلکار وں کوگھرکے لئے آسان شرائط پرقرض دینے کی تجویز پر غور کیا جائے۔

انسپکٹرجنرل پولیس فیصل شاہکار نے کہا کہ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے پہلے بھی پولیس کے مسائل حل کیے اوراب بھی پولیس کی ویلفیئر کے لئے اقدامات کررہے ہیں۔پولیس عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھے گی۔اے آئی جی ساؤتھ پنجاب نے کہا کہ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کے اعتماد پر پورا اتریں گے اورڈلیور کر کے دکھائیں گے۔سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی نے پولیس کانفرنس میں خصوصی شرکت کی۔صوبائی وزیر داخلہ ہاشم ڈوگر، چیف سیکرٹری عبداللہ سنبل، پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی محمد خان بھٹی، انسپکٹر جنرل پولیس فیصل شاہکار، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اسد اللہ خان، ایڈیشنل آئی جیز،ڈی آئی جیز، آر پی اوز اور سی سی پی او لاہور نے کانفرنس میں شرکت کی جبکہ پنجاب کے تمام سی پی اوز اور ڈی پی اوز نے ویڈیو لنک کے ذریعے کانفرنس میں شریک ہوئے۔پولیس افسران نے امن وامان کی صورتحال کی بہتری کیلئے تجاویز دیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں