اسٹیٹ بینک کا کرنسی نوٹوں کے نئے ڈیزائن کے مقابلے کا اعلان

کراچی : اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بینک نوٹوں کے نئے ڈیزائن کے لیے مقابلے کا اعلان کردیا، جس میں حصہ لینے والے آرٹسٹ، ڈیزائنرز اور آرٹ کے طلباء 11 مارچ 2024ء تک اپنے ڈیزائن بھیج سکتے ہیں۔
ایک اعلامیہ میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے کہا ہے کہ نئے ڈیزائن والے کرنسی نوٹوں کے اجراء کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، نئی سیریز کے بینک نوٹوں کے لیے جدید اور موضوعاتی ڈیزائن کے آئیڈیاز کے لیے ایک آرٹ مقابلہ منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں مقامی فنکار، ڈیزائنرز اور آرٹ کے طلباء حصہ لینے کے اہل ہیں، مقابلے کے لیے شرکاء تھیمز پر مشتمل ڈیزائن تیار کر سکتے ہیں، جس میں سماجی و ثقافتی شناخت، آبادیاتی تنوع، موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی تحفظ، اقتصادی ترقی، قدرتی مناظر، تعمیراتی ورثہ اور قومی علامتیں شامل ہیں، توقع ہے اس مقابلے کے باعث نئے ڈیزائن اور آئیڈیاز سامنے آئیں گے، جس کے لیے آرٹ مقابلہ درج ذیل شرائط و ضوابط کے تحت منعقد کیا جارہا ہے؛

(1) شرکاء موجودہ مالیت کے 10، 20، 50، 100، 500، 1000 اور 5000 روپے کے تمام سات یا اس سے کم نوٹوں کے ڈیزائن بھیج سکتے ہیں
(2) ہر بینک نوٹ کا ڈیزائن سفید کاغذ پر ہارڈ کاپی کے ساتھ انگریزی یا اردو میں سو سے زیادہ الفاظ کی تحریر کے ساتھ پیش کیا جائے، جس میں ڈیزائن اور اس کے تھیم کی وضاحت کی گئی ہو
(3) ہر بینک نوٹ کے رنگ منفرد اور آسانی سے پہچانے جانے کے قابل ہونے چاہئیں
(4) معروف آرٹسٹوں پر مشتمل جیوری ڈیزائنوں کا جائزہ لے گی اور ہر نوٹ کے سب سے بہترین 6 ڈیزائنز کی سفارش اسٹیٹ بینک کو کرے گی جن میں سے ہر نوٹ کے ٹاپ 3 ڈیزائنوں کو منتخب کیا جائے گا
(5) ہر نوٹ کے پہلے، دوسرے اور تیسرے ڈیزائن کو بالترتیب 3 لاکھ، 5 لاکھ اور 10 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا
(6) شرکاء اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کے پیش کردہ ڈیزائن کاپی رائٹ دعوؤں سے پاک ہوں
(7) جیوری اراکین، اسٹیٹ بینک، اس کے ذیلی اداروں کے ملازمین، ان کے خاندان کے افراد مقابلے میں حصہ لینے کے اہل نہیں
(8) مقابلے میں پیش کردہ ڈیزائن صرف اسٹیٹ بینک کی ملکیت ہوں گے، اسٹیٹ بینک بغیر کسی اضافی معاوضے کے بینک نوٹ ڈیزائن کرنے کے لیے ڈیزائنرز کے ساتھ ڈیزائن یا اس میں کوئی ترمیم شیئر کرنے کا پابند نہیں ہوگا
(9) مقابلے کے بارے میں کسی بھی سوال اور وضاحت کے لیے banknotes@sbp.org.pk پرای میل کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں