سرکاری ہاؤسنگ سکیم، وزیراعلیٰ پنجاب کا گھر کی لاگت میں کمی لانے کا حکم

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب نے سرکاری ہاؤسنگ سکیم کے تحت گھر کی لاگت میں کمی لانے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت اجلاس میں ایک لاکھ گھر پراجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، سیکرٹری ہاؤسنگ نےکم آمدن والے لوگوں کے لئے سکیم سے متعلق امور سے آگا ہ کیا، وزیر اعلیٰ پنجاب نے گھر کی لاگت میں کمی کے لیے اقدامات کا حکم دیا، مریم نواز شریف کی جانب سے کم آمدن والے لوگوں کے لیے گھر کی قسط ممکنہ حد تک کم کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔
بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے اضلاع میں گھروں کی تعمیر کے لئے اراضی کی نشان دہی کی ڈیڈ لائن مقرر کرنے کی ہدایت بھی کی، انہوں نے کہا کہ چاہتی ہوں پنجاب میں کوئی بے گھر نہ ہو،ہر شہری کے پاس اپنی چھت ہو کیوں کہ عوام کے لیے سستے گھروں کی فراہمی ہمارے منشور کا حصہ ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی مشیر پرویز رشید، وزیراطلاعات و ثقافت عظمی زاہد بخاری، ایم پی اے ثانیہ عاشق، ذیشان ملک، چیف سیکرٹری، ایس ایم بی آر، چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکرٹری ہاؤسنگ، سیکرٹری فنانس، کمشنر لاہور، ڈی جی پی ایچ اے ٹی اے، پنجاب افورڈایبل ہاؤسنگ پروگرام کے پراجیکٹ ڈائریکٹر اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں