پنجاب کے 18شہروں میں سیف سٹی پروجیکٹ لگانے کا معاہدہ

لاہور: پنجاب کے 18شہروں میں سیف سٹی پروجیکٹ لگانے کے معاہدے پر دستخط کردئیے گئے،پنجاب کے 18 شہروں میں این آر ٹی سی کی معاونت سے سمارٹ سیف سٹی پراجیکٹ لگائے جائیں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی موجودگی میں پنجاب سیف سٹی اتھارٹی اور این آر ٹی سی کے درمیان معاہدہ طے پایا۔سمارٹ سیف سٹی اتھارٹی کی طرف سے ایم ڈی احسن یونس اور این آر ٹی سی کے نمائندے سید عامر جاوید نے معاہدے پر دستخط کئے۔
اس موقع پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ 18 شہروں میں ایئر کوالٹی انڈیکس مانیٹرنگ انوائرمنٹ سینسر بھی لگائے جائیں گے جبکہ گجرات، جہلم، شیخوپورہ، اوکاڑہ اور ٹیکسلا میں سیف سٹی پراجیکٹ مئی کے آخر میں فنکشنل ہوں گے اورملتان، بہاولپور، سرگودھا، رحیم یار خان، مظفرگڑھ ، ساہیوال، جھنگ، اٹک، حسن ابدال، ڈی جی خان، سیالکوٹ، مری، اوکاڑہ اور میانوالی میں سیف سٹی اسی سال مکمل ہوں گے۔
معاہدے کی تقریب میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، چیف سیکریٹری، چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکریٹری داخلہ، آئی جی پولیس، سیکریٹری فنانس اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔یاد رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عہدہ سنبھالتے ہی 31 دسمبر تک تمام اضلاع میں سمارٹ سیف سٹی پراجیکٹ لانچ کرنے کی ہدایات جاری کی تھیں۔سیف سٹی اتھارٹی کے دورے کے موقع پر مریم نواز نے سیف سٹی مانیٹرنگ کے عمل کا مشاہدہ کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں