پاکستان آئی ایم ایف مذاکرات کا آخری روز، بڑی پیشرفت کا امکان

اسلام آباد : پاکستان اور آئی ایم ایف مشن کے درمیان مذاکرات کا آخری دور آج ہوگا، ان مذاکرات کی کامیابی پر پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدے کا امکان ظاہر کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 3 ارب ڈالر کیلئے آج مذاکرات میں معاشی اور مالیاتی پالیسیوں کی یادداشت کے مسودے کو حتمی شکل دی جائے گی، موجودہ آئی ایم ایف کا اسٹینڈ بائی پروگرام 11 اپریل کو ختم ہو رہا ہے، مذکرات کے بعد پاکستان کو 1 ارب 10 کروڑ ڈالر کی آخری قسط ملے گی، اس پروگرام کے تحت پاکستان کو پہلے ہی 1 ارب 90 کروڑ ڈالر مل چکے ہیں، مذاکرات میں آئی ایم ایف مشن موجودہ پروگرام کو مکمل کرنے پر ہی توجہ مرکوز رکھے گا۔
بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کو نئے آئی ایم ایف پروگرام پر بات چیت کرنے کی ہدایت کی ہے، جس کے بعد وزیرخزانہ نے آئی ایم ایف کے ساتھ نئے پروگرام کے حوالے سے بات چیت کا آغاز کر دیا ہے۔
ذرائع وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ پاکستان نے عالمی مالیاتی ادارے کے ساتھ آخری جائزے کے لیے تمام اہم شرائط پوری کرلی ہیں، آئی ایم ایف نے موجودہ پروگرام کے تحت تاحال کوئی نئی شرط عائد نہیں کی ہے، شیڈول کے مطابق آخری جائزہ مذاکرات آج ختم ہوجائیں گے، پاکستان اور آئی ایم ایف کے مذاکرات کی کامیابی کے امکانات روشن ہیں، پاکستان کو عالمی مالیاتی ادارے کے ساتھ آخری جائزہ مذاکرات کے مثبت نتائج موصول ہونے کی امید ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں