عمران خان نے اتنی عیاشی پوری زندگی میں نہیں کی جتنی جیل میں کر رہے ہیں، کیپٹن ر صفدر

پشاور : پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اعوان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے بانی عمران خان جیل میں جتنی عیاشی کر رہے ہیں، اتنی عیاشی انہوں نے اپنی پوری زندگی نہیں کی۔ پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اڈیالہ جیل میں قید ایک قیدی کو عام قیدیوں کی طرح حقوق حاصل ہیں، سابق وزیراعظم عمران خان کو جیل میں دیسی مرغی، انڈے مل رہے ہیں اور کیا چاہیئے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے شوہر نے کہا کہ نہ تو میٹرو ٹرین اور نہ ہی یہ حکومت چلنے والی ہے، زبانی باتوں سے ٹرین نہیں چلتی علی امین نے خواب میں ٹرین چلائی ہوگی، خیبرپختونخوا حکومت شہباز شریف کی نقل کر رہی ہے، خیبرپختونخوا حکومت پہلے 11 سو ارب روپے کا قرض تو ختم کریں۔
انہوں نے کہا کہ سینیٹ امیدوار اعظم سواتی کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض اٹھایا ہے، جنرل الیکشن میں بھی اعتراض کے بعد انہیں نااہل کیا گیا تھا۔ ادھر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی نے بانی پی ٹی آئی کو جیل میں دستیاب سہولیات سے متعلق حقائق سامنے لانے کا مطالبہ کردیا، ان کا کہنا ہے کہ 179 دنوں میں بانی پی ٹی آئی سے 65 افراد نے 976 ملاقاتیں کیں، اس حوالے سے حقائق سامنے آنے چاہئیں، عمران خان کے 179 دن میں 30 لاکھ روپے سے زائد کے کھانے کے اخراجات کے بارے میں حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں، بانی پی ٹی آئی کے خصوصی رہائشی یونٹ پر 1 کروڑ روپے کے اخراجات کے بارے میں حقائق بھی سامنے لائے جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں