وزیراعلیٰ پنجاب کی اپنے دوروں کے دوران دکانیں اور مارکیٹیں بند نہ کرنے کی ہدایات

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنے دوروں کے دوران دکانیں اور مارکیٹیں نہ بند کرنے کی ہدایات جاری کر دیں، ٹریفک کی روانی بھی برقراررہنے کی ہدایت ،وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر ان کے پرنسپل سیکرٹری ساجد ظفر نے مراسلہ چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب کو ارسال کر دیاہے۔مراسلے میںتمام حکام کو ہدایات جاری کی گئیں ہیں کہ سیکورٹی اقدامات کے تحت وزیر اعلیٰ پنجاب کے کسی بھی شہر کے دورے کے دوران دکانیں اورمارکیٹیں بند نہیں کروائی جائیں گی جب کہ وزیراعلیٰ کی نقل وحرکت کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جائے گی۔
مراسلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے دورے کے دوران کوئی اضافی اقدامات بھی نہیں کئے جائیں گے۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے عہدہ سنبھالتے ہی اگلے دن صبح سویرے سول سیکرٹریٹ کا دورہ کیا تھا۔اپنی سول سیکرٹریٹ آمد کے موقع پر انہوں نے ٹریفک روکنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا تھا۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سوا 8 بجے جاتی امراءرائیونڈ سے اپنے دفتر کیلئے روانہ ہوئیں اور 9 بجے دفتر پہنچ گئیں تھیں۔

دفتر آمد کے موقع پر ٹریفک روکنے پر وزیراعلیٰ پنجاب نے برہمی کا اظہار کیا تھا۔مریم نوازکا کہنا تھا کہ ٹریفک مینجمنٹ کو ٹھیک کیا جائے ۔میرے دورے کے دوران شہریوں کو تکلیف نہیں ہونی چاہیے اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رہنا چاہئے ۔ان کا کہنا تھا کہ میں نہیں چاہتی کہ میری وجہ سے عوام کو تکلیف یا پریشانی کا سامنا کرنا پڑے اس لئے ٹریفک مینجمنٹ کو بہتر بناتے ہوئے ایسے اقدامات کئے جائیں تاکہ کسی بھی جگہ میرے دورے کے دوران عوام کو اذیت نہ اٹھانی پڑے اور اس سلسلے میں غفلت نہیں برداشت کی جائیگی ۔انہوں نے آئی جی پنجاب اور سی ٹی او کو ہدایات جاری کیں تھیں کہ میں پروٹول کلچر کا خاتمہ چاہتی ہوں ۔ٹریفک بند رہنے سے عوامی مشکلات کا اندازہ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں