مریم نوازکو بالآخر رہا کردیا گیا

لاہور(،مانیٹرنگ ڈیسک) چوہدری شوگر ملز منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت منظور ہونے کے تیسرے روز مریم نواز کو رہا کر دیا گیا۔اس سے پہلے احتساب عدالت نے لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر ایک ، ایک کروڑ روپے کے مچلکوں زرضمانت 7کروڑ روپے اورپاسپورٹ جمع ہونے کی تصدیق کے بعدمسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنما مریم نواز کی روبکار جاری کر دی،مریم نواز کے ایک ،ایک کروڑ کے ضمانتی مچلکے سیف الملوک کھوکھر اور فیصل سیف کھوکھر نے جمع کرائے۔مریم نواز شریف کے ایک ،ایک کروڑ کے ضمانتی مچلکے داخل کرانے کے لیے کیپٹن (ر) محمد صفدر ،سیف الملوکط کھوکھر اور فیصل سیف کھوکھر صبح سویرے ہی احتساب عدالت پہنچ گئے ۔

احتساب عدالت کے جج امیر محمد خان کے رخصت پر ہونے کے باعث ضمانتی مچلکے جج امجد نذیر کی عدالت میں جمع کرائے گئے۔احتساب عدالت کے جج نے استفسار کیا کیالاہورہائیکورٹ کے حکم کے مطابق7کروڑ زر ضمانت اور پاسپورٹ جمع کرادیا گیا ہے جس پر آگاہ کیاگیا کہ یہ جمع ہو چکے ہیں ۔ عدالت نے لاہورہائیکورٹ سے تصدیق اورجمع کرائے گئے کاغذات کی جانچ پڑتال کے بعد مریم نواز کی روبکار کر دی جسے مل کر کیپٹن (ر)صفدر اور وکلا ء لے کر کوٹ لکھپت جیل پہنچے اور رہائی کے لئے ضابطے کی کارروائی مکمل کی گئی ۔ واضح رہے کہ مریم نوازگزشتہ چندروز سے سروسز ہسپتال میں تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں