عام انتخابات کی تیاریاں تیز‘ بلاول کا خیبرپختونخواہ میں ڈیرے ڈالنے کا فیصلہ

پشاور: پاکستان پیپلزپارٹی نے عام انتخابات کی تیاریاں تیز کرنے کا فیصلہ کرلیا، بلاول بھٹو زرداری چند روز خیبرپختونخواہ میں قیام کریں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پیپلزپارٹی کی جانب سے جماعت کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ملک بھر میں انتخابی مہم کا محاذ سنبھالیں گے، اس سلسلے میں چئیرمین پیپلزپارٹی آئندہ ماہ کے دوسرے ہفتے خیبرپختونخواہ کا دورہ کریں گے، بلاول بھٹو زرداری 5 روز تک خیبرپختونخواہ میں سیاسی سرگرمیوں میں شریک ہوں گے، بلاول بھٹو زرداری کی خیبرپختواہ میں موجودگی کے دوران صوبے سے اہم شخصیات کی پیپلزپارٹی میں شمولیت کا بھی امکان ظاہر کردیا گیا۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکریٹری جنرل نیئر بخاری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا مطالبہ ہے الیکشن کمیشن انتخابات کی تاریخ دے، آزادانہ صاف شفاف انتخابات کے زریعے پارلیمانی جمہوری نظام قیام آئینی تقاضہ ہے، پاکستان پیپلز پارٹی حق حکمرانی کا اختیار دینے والے عوام الناس ہی مقتدرہ درجہ پر یقین رکھتی ہے، ملک مستحکم۔
و مظبوط بنانا ہے تو آئین پر من و عن عمل کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ نگران حکومتوں اور اداروں کی جانب سے مخصوص سہولت کاری کا تاثر زبان زد عام ہے، کیا کسی ملزم کے لیے لاونج میں بائیو میٹرک کی سہولت غیر معمولی بات نہیں ہے؟ نگران حکومت پنجاب کس حیثیت میں سزائیں معطل کر رہی ہے؟ نگران حکومتیں مخصوص جماعت و شخصیات کی سہولتکاری سے باز رہیں، پیپلز پارٹی سب کیلئے لیول پلیئنگ فیلڈ چاہتی ہے کیوں کہ لیول پلینگ فیلڈ نہ ملنے سے انتخابی نتائج سوالیہ نشان ہوں گے اور انتخابی نتائج تسلیم نہ ہوئے تو ملک میں آئینی بحران پیدا ہونے سے ناقابل تلافی نقصان ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں