متحدہ عرب امارات میں طوفانی بارشوں سے نظام زندگی درہم برہم

دوبئی: متحدہ عرب امارات میں طوفانی بارشوں نے نظام زندگی درہم برہم کر دیا ہے دوبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور گرد ونواح کے علاقوں میں سیلاب کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے جبکہ اماراتی محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں اورژالہ باری کی پشین گوئی کی ہے. اماراتی محکمہ موسمیات نے بیشتر علاقوں کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے اماراتی ذرائع ابلاغ کے مطابق پورے یواے ای میں موسم کی صورتحال خراب ہے لہذا عوام چوکس رہیں حکام نے اعلان کیا کہ موسمی حالات کے پیش نظر تعلیمی اداروں میں آن لائن کلاسز ہوں گی.
حکام نے بتایا کہ طوفانی بارش کے باعث دبئی ایئرپورٹ پر آپریشن 25 منٹ تک معطل رہا ایئرپورٹ کے اطراف کی شاہراہوں پر سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی بارش کا پانی جمع ہونے کے باعث مختلف شاہراہوں کو بند کرکے متبادل روٹس پر ٹریفک کو موڑ دیا گیا. دبئی کی مرکزی سڑک شیخ زید روڈ کے متعدد حصوں پر بھی پانی جمع ہو گیااس کے علاوہ دبئی کے متعدد علاقوں میں سڑکیں تالاب بن گئیں، گھروں اور بڑے شاپنگ مالز میں بھی بارش کا پانی داخل ہو گیا اور متعدد گاڑیاں پانی میں بہہ گئیں اماراتی حکام نے عوام کو گھروں میں رہنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ صرف انتہائی ضروری کام کی صورت میں گھروں سے نکلیں اماراتی محکمہ موسمیات کی جانب سے نئی ایڈوائزری جاری کی گئی ہے جس کے مطابق بارش کا سلسلہ آئندہ ایک ‘دو روز تک جاری رہ سکتا ہے متحدہ عرب امارات میں شدید بارش، آسمانی بجلی اور اولے پڑنے کی پیشگوئی کی گئی ہے.
دوسری جانب دبئی میں طوفانی بارشوں کے باعث پاکستانی قونصل خانہ تمام سروس کے لیے آج بند کر دیا گیا ہے اس حوالے سے پاکستانی قونصلیٹ کا کہنا ہے کہ قونصلر سروس فراہم کرنا آج ممکن نہیں کل 18 اپریل سے قونصل خانہ خدمات انجام دے گاواضح رہے کہ دبئی میں رات سے جاری موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور حکام مختلف علاقوں سے نکاسی آب کے لیے کوششیں کررہے ہیںاماراتی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ منگل کے روز ہونے والی طوفانی بارش نے یواے ای میں75 سال کا ریکارڈ توڑ دیا ہے.

اپنا تبصرہ بھیجیں